سعودی وزیر خارجہ اسلامی جمہوری ایران کے صبر کا امتحان نہ لیں، حسین امیر عبداللہیان کا انتباہ
  اسلامی جمہوری ایران کے نائب وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان نے سعودی عرب کے وزیر خارجہ کو سخت متنبہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایران کے صبر کا امتحان لینے کی کوشش نہ کریں ۔ ایران کے نائب وزیر خارجہ نے بحرین اور سعودی عرب میں اسلحہ اسمگل کرنے کے سعودی وزیر خارجہ کے الزامات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے سختی کے ساتھ مسترد کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب بے بنیاد الزامات کے ذریعے ایران کو نہ آزمائے۔ ایران کے نائب وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان نے کہا کہ سعودی حکومت خود یمن، عراق اور شام میں دہشت گردوں کی کھلی اور پوشیدہ حمایت کر رہی ہے اور اس کو یہ سلسلہ بند کر دینا چاہیئے۔ انھوں نے کہا کہ اسی طرح سعودی حکومت کو بحرین جیسے چھوٹے سے ملک کو اپنی غلط پالیسیوں کا اکھاڑا نہیں بنانا چاہیئے۔ ایران کے نائب وزیر خارجہ نے واضح الفاظ میں کہا کہ “میں سعودی وزیر خارجہ عادل الجبیر کو متنبہ کرتا ہوں کہ وہ اسلامی جمہوریہ ایران کے صبر کا امتحان نہ لیں۔” انہوں نے کہا کہ سعودی وزیر خارجہ کو الزام تراشی کے بجائے سانحہ منٰی پر توجہ دینا چاہیئے۔ حسین امیر عبداللہیان نے مزید کہا کہ تہران نے سعودی عرب کے ساتھ اپنے معمول کے تعلقات بحال رکھنے کی کبھی مخالفت نہیں کی۔ انہوں نے کہا کہ بال اب سعودی عرب کے کورٹ میں ہے، ہمیں نہیں معلوم کہ سعودی عرب میں کون لوگ فیصلے کرتے ہیں۔