عزاداری پر کوئی پابندی قبول نہیں کریں گے، علی مہدی۔ امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے مرکزی صدر علی مہدی نے لاہور میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عزاداری ہماری شہ رگِ حیات ہے، ہم عزاداری کیخلاف ہر سازش کو ناکام بنا دیں گے، اگر عزاداری پر کوئی آنچ بھی آئی تو ہم کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے، ہم میدان خالی نہیں چھوڑیں گے، جس طرح مچھلی پانی کے بغیر زندہ نہیں رہ سکتی، اس طرح ہم بھی عزاداری کے بغیر زندہ نہیں رہ سکتے۔ انہوں نے کہا کہ عزاداری نواسہ رسول حضرت امام حسینؑ ہمارا آئینی و قانونی حق ہے، ہم اس سے ایک انچ بھی پیچھے ہٹنے کو تیار نہیں، ہم اپنی جانیں تو قربان کر سکتے ہیں لیکن عزاداری پر قدغن ہرگز برداشت نہیں کریں گے۔ علی مہدی کا کہنا تھا کہ تکفیری اور دہشتگرد چاہتے ہیں کہ ملک میں عزاداری نہ ہو لیکن ہم یہ سازش کامیاب نہیں ہونے دینگے، امام حسین علیہ السلام کا پیغام یہی ہے کہ جب ظالم و جابر اور فاسق حکومت ہو، ایسی حکومت جو اسلامی حدود کو پار کر جائے، جو اسلامی احکامات کو پائمال کرے، تب آواز بلند کریں، احکامات میں سے اہم ترین حکم یہی ہے، امر بالمعروف اور نہی عن المنکر انجام دیا جائے، ظالم و جابر اور فاسق نظام کیخلاف آواز بلند کی جائے۔