اسلام ٹائمز: ادارہ تقریب المذاہب اسلامی کے سربراہ آیت اللہ اراکی نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ مسلمانوں کو اپنے مسائل حل کرنے کے لئے امریکہ اور برطانیہ کی ضروت نہیں۔ مجمع تقریب کی دعوت یہی ہے کہ ہم خدا و رسولؐ کی جانب پلٹ جائیں۔
اسلام ٹائمز۔ مجمع تقریب بین المذاہب اور ملی یکجہتی کونسل کا مشن ایک ہی ہے۔ کونسل کے قیام کا مقصد مختلف مسالک کے مابین اتحاد اور ہم آہنگی کو فروغ دینا ہے یہی کام مجمع تقریب عالمی سطح پر کر رہا ہے ان خیالات کا اظہار ملی یکجہتی کونسل کے سربراہ ڈاکڑ صاحبزادہ ابو الخیر محمد زبیر نے مجمع تقریب بین المذاہب الاسلامی کے وفد کے اعزاز میں دیئے گئے استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انھوں نے کہا کہ دشمن مسلمانوں کو لڑانے کی کوشش کر رہا ہے۔ اسلام سلامتی کا دین ہے اس دین میں لوگ ایک دوسرے کو قتل کرکے نعرہ تکبیر لگاتے ہیں نہایت افسوس کی بات ہے۔
ہمیں مل کر اس کے خاتمے کی کوشش کرنی چاہیے۔ وفد کے سربراہ اور ادارہ تقریب المذاہب اسلامی کے سربراہ آیت اللہ اراکی نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ مسلمانوں کو اپنے مسائل حل کرنے کے لئے امریکہ اور برطانیہ کی ضروت نہیں۔ مجمع تقریب کی دعوت یہی ہے کہ ہم خدا و رسولؐ کی جانب پلٹ جائیں تاکہ ہم ایک حقیقی قوم بن سکیں اور نعمات الہٰی سے مستفید ہو سکیں۔ پاکستان عالم اسلام کا ایک اہم ملک ہے اور اس کے علماء کی اہمیت اتنی ہی زیادہ ہے۔ ہمارے مابین واقعاً ایک بہترین ہم آہنگی ہونی چاہیے۔ اس کے لیے کمیٹی تشکیل دی جائے۔ میں آپ تمام برادران کا نہایت شکرگزار ہوں۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جماعت اسلامی اور ملی یکجہتی کونسل کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نہ کہا کہ امن و اتحاد باہمی برداشت اور میانہ روی سے ہی قائم ہوسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیرت منانے کے ساتھ ساتھ اپنانے کی بھی ضرورت ہے۔ استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے کونسل کے ڈپٹی سیکریٹری جنرل ثاقب اکبر نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ کونسل میں تمام مسالک کی نمائندگی ہے، کونسل نے ثابت کردیا ہے کہ شدت پسندوں اور تکفیروں کا اسلامی مکاتب فکر سے کوئی تعلق نہیں۔ انھوں نے کہا کہ اس کونسل کو حکومت کی سرپرستی حاصل نہیں ہے لیکن ہم نے وہ کام کر دکھایا جو ریاستوں کے لیے بھی مشکل ہے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کونسل کے نائب صدر آصف لقمان قاضی نے کہا مجمع کی کوششیں واقعا لائق تحسین ہیں۔
تقریب سے تحریک فیضان اولیاء کے سینئر نائب صدر پیر سید ہارون علی گیلانی، تنظیم اسلامی کے مرکزی راہنما خالد محمود عباسی، تحریک اسلامی کے سیکریٹری جنرل علامہ عارف واحدی، نوجوانان پاکستان کے سربراہ عبد اللہ گل،جماعت اسلامی جموں کشمیر کے امیر عبد الرشید ترابی،امام خمینی ٹرسٹ کے سربراہ علامہ افتخار حسین نقوی،مجلس وحدت مسلمین کے ڈپٹی سیکریٹری جنرل علامہ امین شہیدی،جماعت اہل حرم کے سربراہ مفتی گلزار احمد نعیمی، مولوی نظیر احمد سلامی رکن مجلس خبرگان اسلامی جمہوریہ ایران اور دیگر نے بھی خطاب کیا ۔ یاد رہے کہ مجمع تقریب کے وفد کی سربراہی مجمع تقریب بین المذاہب الاسلامی کے سیکریٹری جنرل آیت اللہ محسن اراکی کر رہے تھے اس وفد کے دیگر اراکین میں سید علم الہدی، آقای احدی، مولانا نظیر احمد سلامی رکن مجلس خبرگان اور دیگر علماء شامل تھے۔ اس تقریب میں ملی یکجہتی کونسل کی رکن جماعتوں کے قائدین کے علاوہ ملک کے دیگراداروں اور تنظیموں منجملہ جماعت اہل حرم، نوجوانان پاکستان، امام خمینی ٹرسٹ، امامیہ آرگنائزیشن پاکستان نیز سول سوسائٹی کے اراکین، علماء، وکلاء اور صحافیوں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔