اسلام ٹائمز: بزم کردار قائد میں بلتستان کے نامور شعرائے کرام نے قائد گلگت بلتستان، عالم مبارز و مجاہد حجت الاسلام علامہ شیخ غلام محمد الغروی مرحوم کی شخصیت کے مختلف پہلووں پر اپنے منظوم کلام کے ذریعے روشنی ڈالی۔
اسلام ٹائمز۔ علامہ شیخ غلام محمد الغروی میموریل ویلفیئر سوسائٹی کے زیراہتمام تیئسویں برسی کی مناسبت سے ایک باوقار اور پررونق محفل مشاعرہ ’’بزم کردار قائد‘‘ منعقد ہوا، جس میں بلتستان کے نامور شعرائے کرام نے قائد گلگت بلتستان، عالم مبارز و مجاہد حجت الاسلام علامہ شیخ غلام محمد الغروی مرحوم کی شخصیت کے مختلف پہلووں پر اپنے منظوم کلام کے ذریعے روشنی ڈالی اور بھرپور عقیدت و محبت کا اظہار کیا۔ ان میں معروف شاعر پروفیسر حشمت علی کمال الہامی، شیخ غلام حسین سحر، غلام رسول تمنا، یوسف کھسمن، نثار یاور، عسکری جوہر اور عارف سحاب شامل تھے۔ بزم کردار قائد میں بلتستان کے نامور علمائے کرام، دانشور اور مختلف شعبہ ہائے حیات سے تعلق رکھنے والے اور شیخ غلام محمد مرحوم چاہنے والوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔
بزم کردار قائد کی صدارت حجت الاسلام شیخ محمد حسن جعفری نے کی، مہمان خصوصی شیخ علی جوہری تھے جبکہ اس بزم کے میزبان علامہ مرحوم کے فرزند ارجمند نامور عالم دین علامہ مرزا یوسف حسین تھے۔ بزم کردار قائد میں شیخ محمد حسن سروری، آغا علی رضوی، شیخ یوسف کریمی، شیخ تقی ممتاز اور شیخ اعظمی بھی شریک تھے۔ مقررین نے اپنے خطاب میں کہا کہ عالم مبارز و مجاہد حجت الاسلام علامہ شیخ غلام محمد الغروی کی شخصیت ہمہ جہت تھی اور انہوں نے گلگت بلتستان میں قیادت کا حق ادا کیا۔ انہوں نے قضاوت، عدالت، سیاست اور عوامی خدمت کی وہ تاریخ رقم کی ہے جسکی شاید ہی کوئی مثال ملے۔ بلتستان کے معروف عالم دین شیخ محمد حسن جعفری نے کہا کہ علامہ مرحوم کی زندگی جہد مسلسل سے عبارت تھی اور وہ عالم ربانی تھے۔ انکی زندگی ہم سب کے لئے نمونہ عمل ہے۔