پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ خطے کیلئے عظیم تحفہ ہے، نواز شریف
 
 
 گورنر ہاؤس لاہور میں اورنج لائن میٹرو ٹرین منصوبے پر بریفنگ کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم پاکستان کا کہنا تھا کہ ملک میں ترقی کا سفر بہت تیزی سے طے ہو رہا ہے، ریکارڈ مدت میں ٹرانسپورٹ کے پراجیکٹ مکمل کئے ہیں، اورنج لائن منصوبہ بھی اپنی مثال آپ ہو گا۔ وزیراعظم نے کہا کہ توانائی کے بحران کے حل کیلئے کام کر رہے ہیں، بھکھی، تھر اور بھاشا ڈیم سے سستی بجلی پیدا کریں گے، کراچی میں بھی اندھیرے چھٹ رہے ہیں۔
 

اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم نوازشریف نے کہا ہے کہ جوڈیشل کمیشن بنا کر ملک کی خاطر بہت بڑا رسک لیا، جن کیخلاف فیصلہ آیا وہ پھر بھی نہ مانے، عمران خان کو ہر مرحلے پر بات چیت کی دعوت دی۔ ان خیالات کا اظہار وزیراعظم نے لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی روشنیاں بحال کریں گے، سستی بجلی فراہم کریں گے۔ وزیراعظم نواز شریف نے سیاسی مخالفین کو خوب آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کپتان کو بھی کھری کھری سنا دیں۔ دھرنے کی سیاست کو ملک کیلئے نقصان دہ قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ اگر ان لوگوں نے دھرنوں، توڑ پھوڑ اور میں نہ مانوں کی سیاست کرنی ہے تو لگے رہیں، حکومت ترقی کا سفر جاری رکھے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ناتجربہ کار سیاستدان نے کسان پیکیج کو بھی سیاست کی بھینٹ چڑھا دیا۔ نواز شریف نے کہا کہ تنقید کرنیوالے سوچ سمجھ کر بولا کریں، انکوائری کمیشن نے عمران خان کے تمام الزامات مسترد کر دیئے، اگر فیصلہ ان کیخلاف آتا تو وہ مستعفی ہو جاتے مگر عمران خان ضد پر اڑے رہے، خان صاحب سے خود ملنے گئے مگر انہوں نے خوش اخلاقی کا جواب دھرنے کی صورت میں دیا لیکن دھرنے والوں کا حال سب کے سامنے ہے۔ نواز شریف نے کہا کہ انکوائری کمیشن بنا کر بہت بڑا رسک لیا لیکن فتح انصاف کی ہی ہوئی۔ دریں اثنا وزیراعظم نواز شریف نے اورنج لائن منصوبے کو بے مثال قرار دیا۔ اورنج لائن منصوبے پر منعقدہ اجلاس کے دوران وزیر اعظم نواز شریف نے کہا کہ ملک میں ترقی کا سفر بہت تیزی سے طے ہو رہا ہے، ریکارڈ مدت میں ٹرانسپورٹ کے پراجیکٹ مکمل کئے ہیں، اورنج لائن منصوبہ بھی اپنی مثال آپ ہو گا۔ وزیراعظم نے کہا کہ توانائی کے بحران کے حل کیلئے کام کر رہے ہیں، بھکھی، تھر اور بھاشا ڈیم سے سستی بجلی پیدا کریں گے، کراچی میں بھی اندھیرے چھٹ رہے ہیں۔ وزیراعظم نواز شریف نے پنجاب کے وزیراعلیٰ اور ان کی کابینہ کا بھی شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ پی آئی اے کے حالات زیادہ خراب ہیں جس کو ٹھیک کرنا ہو گا۔ نواز شریف نے اقتصادی راہداری منصوبے کو خطے کیلئے تحفہ قرار دیا جبکہ دہشتگردوں کے خلاف آپریشن جاری رکھنے اور کراچی میں مکمل امن کی یقین دہانی کرائی۔