وحدت کے بغیر ہم حقیقی مسلم نہیں کہلا سکتے، آیت اللہ محسن اراکی
 ثقافتی قونصلیٹ سفارت جمہوری اسلامی ایران کے تحت اسلام آباد میں منعقدہ علمی نشست سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری جنرل عالمی مجمع تقریب بین المذاہب اسلامی کا کہنا تھا کہ ہمیں حقیقی اسلام کی آبیاری کرتے ہوئے نبی (ص) کے بتائے ہوئے حقیقی راستے پر چلنا ہوگا۔ امید کرتے ہیں اس اہم مقصد کے حصول کیلئے مسلم امہ ہمارا ساتھ دے گی۔
 

اسلام ٹائمز۔ اتحاد و وحدت کے بغیر کوئی بھی معاشرہ مسلم معاشرہ نہیں کہلا سکتا۔ اللہ تعالٰی نے قرآن میں واضح کر دیا ہے کہ مسلمان امت واحدہ ہیں۔ جو لوگ گروہوں میں بٹ گئے انہیں مسلمان کہلوانے کا حق حاصل نہیں۔ بدقسمتی سے مسلم معاشرہ ان لیڈروں کی پیروی کر رہا ہے جو دین اسلام اور نبی اسلام (ص) کے خلاف ہیں۔ ان خیالات کا اظہار آیت اللہ محسن اراکی، سیکرٹری جنرل عالمی مجمع التقریب بین المذاہب الاسلامیہ نے ثقافتی قونصلیٹ سفارت جمہوری اسلامی ایران کے تحت اسلام آباد میں منعقدہ علمی نشست سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمیں حقیقی اسلام کی آبیاری کرتے ہوئے نبی (ص) کے بتائے ہوئے حقیقی راستے پر چلنا ہوگا۔ امید کرتے ہیں کہ اس اہم مقصد کے حصول کے لئے مسلم امہ ہمارا ساتھ دے گی۔

ثقافتی قونصلیٹ سفارت جمہوری اسلامی ایران کے تحت منعقدہ تقریب میں ایران سے آئے وفد نے شرکت کی، جس کی سربراہی آیت اللہ محسن اراکی، سیکرٹری جنرل عالمی مجمع التقریب بین المذاہب الاسلامیہ کر رہے تھے، وفد میں محترم حجۃ الاسلام سید علم الھدیٰ، محترم حجۃ الاسلام اوحدی، محترم مولوی نظیر احمد سلام، مجلس خبرگان ایران (اہل سنت عالم دین) محترم حجۃ الاسلام سید جلالی، محترم آقای عسکری دوست شامل تھے۔ تقریب میں شہاب الدین دارائی، کلچرل قونصلر سفارت اسلامی جمہوری ایران، قاسم مرادی، ڈپٹی کلچرل قونصلر سفارت اسلامی، جمہوری اسلامی ایران، اسلام آباد بھی شریک تھے۔