سانحہ منٰی میں شہید حجاج کی تعداد دو ہزار سے تجاوز کرگئی
 
 
اسلام ٹائمز: پاکستانی وزارت مذہبی امور کے اعلٰی اہلکار نے آن لائن سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ حج کے دران حادثات کی تاریخ کا سب سے بڑا سانحہ ہے، 16 ٹرک حجاج کرام کی لاشوں سے بھرے ہوئے تاحال پڑے ہیں، جن کو ابھی تک کھولا نہیں گیا، ان میں سے بیشتر لاشیں مسخ شدہ ہیں۔
 
اسلام ٹائمز۔ سعودی عرب میں حجاج کرام کے ساتھ پیش آنے والے سانحہ میں شہادتوں کی تعداد دو ہزار سے تجاوز کرگئی ہے، جس میں مزید اضافے کا خدشہ بھی ہے۔ سعودی اور پاکستانی حکام کے مطابق سانحہ منٰی حج کے حادثات کی تاریخ کا سب سے بڑا سانحہ ہے۔ پاکستان کے وزارت مذہبی امور کے ایک اعلٰی عہدیدار نے نیوز ایجنسی ’’آن لائن‘‘ کو نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ سانحہ منٰی اب تک کا سب سے بڑا واقعہ ہے، جس میں شہید ہونے والے حجاج کی تعداد دو ہزار سے تجاوز کرچکی ہے، اور اس میں مزید اضافے کا خدشہ بھی ہے۔ سعودی اعلٰی حکام کے مطابق 16 ٹرک سانحہ میں شہید ہونے والے حجاج کرام کی لاشوں سے تاحال بھرے پڑے ہیں، جن کو کھولا بھی نہیں گیا۔ مذکورہ ٹرکوں میں بیشتر لاشیں مسخ شدہ ہیں، جن کی شناخت میں شدید مشکلات پیش آرہی ہیں۔ پاکستانی حج مشن نے سعودی حکام سے درخواست کی ہے کہ پاکستانی شہید حجاج کو بغیر شناخت کے دفن نہ کیا جائے، تاہم سعودی حکومت نے کئی حجاج کی لاشوں کو دفنا دیا ہے۔