ملتان میں نماز عید کے بعد میڈیا سے گفتگو میں سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کی وجہ سے بینظیر شہید ہوئیں اور میرا بیٹا بھی اغواء ہوا۔ اب وزیراعظم نواز شریف کیا کرتے ہیں یہ ان پر منحصر ہے۔
اسلام ٹائمز۔ سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کا کہنا ہے کہ ملک حالت جنگ میں ہے، ایسی صورتحال میں جنرل تبدیل نہیں ہونا چاہیئے، ہماری حکومت نے بھی حالت جنگ میں کیانی کی مدت ملازمت میں توسیع کی۔ سابق وزیراعظم اور پیپلزپارٹی رہنما یوسف رضا گیلانی نے بھی آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی مدت ملازمت میں توسیع کیلئے آواز بلند کر دی، سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے ملتان میں نماز عید ادا کی، اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ملک حالت جنگ میں ہے، ایسی صورتحال میں جنرل تبدیل نہیں ہونا چاہیئے، اب وزیراعظم نواز شریف کیا کرتے ہیں یہ ان پر منحصر ہے۔ ایک سوال کے جواب میں گیلانی کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی عمران خان کی پارٹی کا فیصلہ ہے کہ دوبارہ کنٹینر پر آنا ہے تو اس میں رکاوٹ نہیں ڈالنی چاہیئے، کراچی آپریشن پر تمام جماعتیں متفق ہیں اور احتساب سب جماعتوں کا ہونا چاہیئے، دہشت گردی کی وجہ سے بینظیر شہید ہوئیں اور میرا بیٹا بھی اغواء ہوا۔