جامعہ نعیمیہ کے ناظم اعلٰی علامہ محمد راغب حسین نعیمی نے کہا ہے کہ عوام کے جان و مال اور عزت و آبرو کی حفاظت ریاست کی ذمہ داری ہے، ملکی سلامتی کے تحفظ کیلئے حکومت، قانون، نافذ کرنیوالے اداروں کیساتھ ساتھ عوام بھی شرپسند عناصر پر کڑی نظر رکھیں
۔ انہوں نے کہا کہ کالعدم تنظیموں پر قربانی کی کھالیں اکٹھی کرنے کی پابندی پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے، عیدالاضحی کے اجتماعات پر سکیورٹی کے مناسب اقدامات کئے جائیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامعہ نعیمیہ لاہور میں اجتماعی قربانی کی انتظامی کمیٹیوں کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ وطن عزیز میں دو عیدیں منانے کی روایت کو ختم کرنے کیلئے ریاست اپنی رٹ قائم کرتے ہوئے فتنہ پرور اور شرپسند عناصر کیخلاف سخت کارروائی کرے، انتشار و افتراق پر مبنی فتوے جاری کرنیوالے اسلام کے فلسفۂ اجتہاد کی بنیادی روح کو سمجھیں، رویت ہلال کمیٹی تمام مسالک کا متفقہ اور قابل اعتماد ادارہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ سرحد پار بیٹھے دشمن وطن عزیز میں امن نہیں، انتشار اور عدم استحکام پیدا کرنا چاہتے ہیں، عاقبت نااندیش قوتوں کے ناپاک عزائم کو ناکام بنانے کیلئے سیاسی و مذہبی رہنما اور معاشرے کے تمام طبقات کو قومی یکجہتی کا عملی مظاہرہ کرنا ہو گا۔