قومی اسمبلی آف پاکستان کی دعوت پر اسلام آباد میں اسلامی ممالک

کی پارلیمانی یونین کی ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس میں شرکت کیلئے آنے والے حزب اللہ سے تعلق رکھنے والے لبنان کی پارلیمنٹ کے رکن نوار ساحلی نے تحریک انصاف کی رکن قومی نفیسہ خٹک سے ملاقات کی ہے۔ اسلام آباد میں ہونے والی ملاقات میں فلسطین فاونڈیشن کے ترجمان صابر کربلائی بھی موجود تھے۔ اس موقع پر دوطرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور زیر غور آئے۔ تحریک انصاف کی رکن قومی اسمبلی نفیسہ خٹک نے معزز مہمان کو پاکستان آنے پر خوش آمدید کہا۔ نفیسہ خٹک کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف ہی واحد جماعت ہے جو پاکستان میں کرپشن کیخلاف جہاد کر رہی ہے اور نظام کو ٹھیک کرنے کیلئے کام کر رہی ہے، ہمارے دھرنے کی ہی بدولت پہلی بار قومی اسمبلی کے اسپیکر کو گھر جانا پڑا۔ اس موقع پر نوار ساحلی کا کہنا تھا کہ دہشتگردی کی حالیہ لہر اور داعش کے بڑھتے ہوئے قدم پوری امت مسئلمہ کیلئے کسی چیلنج سے کم نہیں، ہم سب کا فرض ہے کہ اس فتنے کو روکیں اور اپنے ملکوں کو اس فتنے سے بچا کر رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ اسلام ہمیں کسی مسلمان اور بےگناہ فرد کی گردن اڑانے کی اجازت نہیں دیتا۔ لیکن نام نہاد جہادی گروپ یہ سب کچھ اسلام کے نام پر کر رہے ہیں۔ نفیسہ خٹک کی جانب سے معزز مہمان کے اعزاز میں ظہرانہ بھی پیش کیا گیا۔