اسلام ٹائمز: اسلام آباد میں ایک تعزیتی ریفرنس سے خطاب میں لیاقت بلوچ اور علامہ عارف واحدی کا کہنا تھا کہ علامہ امین شہیدی نے ہمارے ساتھ ملکر ہمیشہ اتحاد بین المسلمین کے لئے کام کیا ہے، انکے خلاف بےبنیاد اور جعلی مقدمات قائم کیے جا رہے ہیں، جن کی مذمت کرتے ہیں۔
اسلام ٹائمز۔ ملی یکجہتی کونسل کے زیراہتمام اسلام آباد میں مرحوم ریٹائرڈ جنرل حمید گل، کرنل شجاع خانزادہ، ڈی ایس پی سید شوکت شاہ اور دیگر شہداء کی یاد میں تعزیتی ریفرنس کیا گیا جس میں رہنماوں نے حمید گل سمیت شہداء کو خراج تحسین پیش کیا۔ لیاقت بلوچ کا کہنا تھا کہ جنرل صاحب کی گفتگو میں ہمیشہ امید نظر آتی تھی، پیرانہ سالی کے باوجود ان
کے چہرے سے شگفتگی چھلکتی تھی۔ جنرل صاحب کا جذبہ جہاد، شوق شہادت، استعمار کے خلاف برسرپیکار رہنے کا جذبہ ہماری ان سے قربت کا سبب بنا۔ انہوں نے جہاد افغانستان، جہاد کشمیر، بھارت کے توسیع پسندانہ عزائم کے خلاف جو جرات مندانہ موقف اختیار کیا، وہ اپنی مثال آپ ہے۔ امت مسلمہ کا اتحاد جنرل صاحب کی ترجیح تھی۔ کرنل (ر) شجاع خانزادہ کے بارے میں انہوں نے کہا کہ وہ اپنے نام کی طرح واقعی ایک شجاع انسان تھے۔ لیاقت بلوچ نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں کوئی مصلحت گوارا نہیں ہے، لیکن علماء کے خلاف بےبنیاد مقدمات اس تمام تر عمل کو مشکوک کر رہے ہیں۔ انہوں نے علامہ امین شہیدی پر بےبنیاد مقدمے کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور حکومت سے مطالبہ کیا کہ بےگناہ لوگوں کو مقدمات میں شامل نہ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ علامہ امین شہیدی نے ہمارے ساتھ ملکر ہمیشہ اتحاد بین المسلمین کے لئے کام کیا ہے، ان کے خلاف بےبنیاد اور جعلی مقدمات قائم کئے جا رہے ہیں۔
علامہ عارف واحدی نے کہا کہ جنرل صاحب کا پاکستان کے لئے انتہائی مثبت کردار تھا، اسی طرح امت مسلمہ کے لئے بھی ان کے درد بھرے جذبات تھے، جس کے لئے وہ ہمیشہ کوشاں رہتے تھے۔ شجاع خانزادہ شہید کے حوالے سے اظہار خیال کرتے ہوئے علامہ عارف واحدی نے کہا کہ کرنل شجاع اسم بامسمٰی تھے۔ انہوں نے کہا کہ توازن کی پالیسی کے نام پر لوگوں کو بےگناہ مقدمات میں پھنسایا جا رہا ہے۔ علامہ امین شہیدی اور دیگر علماء پر بےبنیاد مقدمات بنائے گئے ہیں، جس کی ہم شدید مذمت کرتے ہیں۔ تعزیتی ریفرنس سے پیر عبدالرحیم نقشبندی، میاں اسلم، پیر چراغ الدین شاہ، آصف لقمان قاضی، ثاقب اکبر، حاجی ابو شریف، استاد عبد الباسط مجاہد، طاہر تنولی اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔