منصورہ میں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے جماعت اسلامی کے قائمقام امیر کا کہنا تھا کہ6 ستمبر کو ملک گیر یوم دفاع شایان شان طریقے سے منایا جائے گا جس میں ملک بھر کے عوام اس عزم کا اظہار کریں گے کہ وہ ملک کے دفاع کیلئے بڑی سے بڑی قربانی سے بھی دریغ نہیں کریں گے اور دفاع وطن کیلئے وہ تن من دھن سے اپنی بہادر افواج کا ساتھ دیں گے۔
اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق قائم مقام امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ کی صدارت میں منصورہ میں ہونے والے جماعت اسلامی کے اعلیٰ سطحی اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ ملک بھر میں 2 ستمبر کو یوم اردو، 4 ستمبر کو یوم حجاب اور 6 ستمبر یوم دفاع شایان شان طریقہ سے منایا جائے گا۔ یوم اردو کے موقع پر اسمبلی حال سے ایک بڑی ریلی نکالی جائے گی، اجلاس نے مطالبہ کیا کہ حکومت آئندہ سی ایس ایس کے امتحانات اردو میں لے اور تمام سرکاری اداروں کو پابند کیا جائے کہ وہ اپنی کاروائی قومی زبان میں تحریر کریں تا کہ عام پاکستانی اپنے مقدمات پر ہونے والی سرکاری کاروائی سے آگاہ ہوسکے۔ اجلاس میں یہ بھی طے کیا گیا کہ یوم حجاب کے موقع پر ملک بھر میں خواتین کے سیمینارز، جلسے، جلوس اور مذاکرے منعقد کئے جائیں گے جن میں پردے کی اہمیت اور عریانی و فحاشی کی روک
تھام کیلئے آواز بلند کی جائے گی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے لیاقت بلوچ نے کہا کہ اردو ہماری قومی زبان ہے جو ہماری تہذیب و تمدن اور اعلیٰ قومی روایات کی امین ہے مگر انگریز کے پروردہ حکمرانوں نے 70 سال سے قوم کو بدیشی زبان کا غلام بنا رکھا ہے جس کی وجہ سے ہمارے لاکھوں نوجوانوں کا مستقبل تباہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جسٹس جواد ایس خواجہ نے اردو میں حلف لیکر قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے، انہوں نے امید ظاہر کی کہ چیف جسٹس آف پاکستان عدالتی کاروائی کو بھی اردو میں تحریر کرنے اور اردو میں سنائے جانے کو یقینی بنائیں گے، لیاقت بلوچ نے کہا کہ 6 ستمبر کو ملک گیر یوم دفاع شایان شان طریقے سے منایا جائے گا جس میں ملک بھر کے عوام اس عزم کا اظہار کریں گے کہ وہ ملک کے دفاع کیلئے بڑی سے بڑی قربانی سے بھی دریغ نہیں کریں گے اور دفاع وطن کیلئے وہ تن من دھن سے اپنی بہادر افواج کا ساتھ دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی نظریاتی اور جغرافیائی سرحدوں کی حفاظت کیلئے پوری قوم سیسہ پلائی دیوار ثابت ہوگی اور دشمن نے اگر ہماری طرف ٹیڑھی آنکھ سے دیکھنے کی جرأت کی تو اس کو ایسا سبق سکھایا جائے گا جسے وہ زندگی بھر یاد رکھے گا۔ اجلاس میں نائب امیر جماعت اسلامی حافظ محمد ادریس، میاں محمد اسلم، ڈاکٹر فرید احمد پراچہ، امیر العظیم، عبدالغفار عزیز، حافظ ساجد انور اور سید وقاص انجم جعفری نے شرکت کی۔
…….