اسلام ٹائمز: حکام کا کہنا تھا کہ حکومت الیکٹرونکس کرائم بل 2015 کو جلد از جلد حتمی شکل دینا چاہتی ہے کیونکہ قانون نافذ کرنے والے ادارے اس پر قومی ایکشن پلان کے مطابق عملدرآمد چاہتے ہیں۔
 
اسلام ٹائمز۔ حکومت نے انکشاف کیا ہے کہ دہشت گرد تنظیمیں اپنے نفرت انگیز ایجنڈے کو ملک میں فروغ دینے کے لیے تین ہزار کے قریب ویب سائٹس چلا رہی ہیں۔ اس بات کا انکشاف سرکاری ذرائع نے ایک اجلاس میں کیا۔ اس موقع پر حکام کا کہنا تھا کہ حکومت الیکٹرونکس کرائم بل 2015 کو جلد از جلد حتمی شکل دینا چاہتی ہے کیونکہ قانون نافذ کرنے والے ادارے اس پر قومی ایکشن پلان کے مطابق عملدرآمد چاہتے ہیں۔ دوسری جانب نئے سائبر کرائم بل کے ناقدین دلیل دیتے ہیں کہ موجودہ شکل میں یہ بل

تفتیشی انتظامیہ کو لامحدود اختیارات دیتا ہے اور اس سے شہری حقوق سے محروم ہوسکتے ہیں۔ یہ نکتہ بھی اٹھایا گیا ہے کہ اس بل کو 44 سے 13 صفحات تک محدود کرتے ہوئے اس میں سے انسانی حقوق کے تحفظ دینے والے نکات کو نکال دیا گیا ہے۔