اسلام ٹائمز: مسلم لیگ (ن) کراچی ڈویژن کے جنرل سیکریٹری خواجہ طارق نذیر نے اپنے مذمتی بیان میں کہا کہ دہشتگردوں کا پیچھا ہر حال میں کیا جائیگا، دہشتگردوں سے اب کوئی رعایت نہیں برتی جائیگی، دہشتگردوں کی بزدلانہ کارروائی میں ہمارے بہادر لیڈر شہید ہوئے ہیں، انکا خون رائیگاں نہیں جائیگا۔
اسلام ٹائمز۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کراچی ڈویژن کے زیر اہتمام پنجاب کے وزیر داخلہ کرنل (ر) شجاع خانزادہ شہید کی غائبانہ نماز جنازہ بروز پیر 17 اگست ساڑھے 4 بجے مسلم لیگ ہاﺅس کارساز میں ادا کی جائے گی۔ اس حوالے سے مسلم لیگ (ن) کراچی ڈویژن کے جنرل سیکریٹری خواجہ طارق نذیر نے پنجاب کے وزیر داخلہ کرنل (ر) شجاع خانزادہ شہید کے قتل کے افسوسناک واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردوں کا پیچھا ہر حال میں کیا جائے گا، دہشت گردوں سے اب کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کی بزدلانہ کارروائی میں ہمارے
بہادر لیڈر شہید ہوئے ہیں، ان کا خون رائیگاں نہیں جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ شجاع خانزادہ شہید کی غائبانہ نماز جنازہ پیر کو ساڑھے 4 بجے مسلم لیگ ہاﺅس کارساز میں ادا کی جائے گی۔ پاکستان مسلم لیگ علماء ونگ کے جنرل سیکریٹری اظہر شاہ ہمدانی نماز جنازہ پڑھائیں گے۔