اسلام ٹائمز: مذمتی قرارداد بین الصوبائی رابطہ کے وزیر ریاض پیرزادہ نے پیش کی، جس میں کہا گیا کہ ایوان زیادتی کا شکار ہونیوالے بچوں اور انکے اہلخانہ کیساتھ اظہار یکجہتی کرتا ہے، اور پنجاب حکومت سے کہا گیا کہ وہ اس گھناﺅنے دھندے میں ملوث ملزمان کو فوری گرفتار کر کے کیفر کردار تک پہنچائے۔
 
اسلام ٹائمز۔ قصور ویڈیو سکینڈل کے خلاف قومی اسمبلی میں مذمتی قرارداد منظور کر لی گئی ہے۔ قومی اسمبلی میں قصور واقعے کی شدید مذمت کی گئی، جس کے بعد مذمتی قرارداد کو اراکین کی جانب سے کثرت رائے سے منظور کر لیا گیا۔ ایوان میں یہ قرارداد وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ ریاض پیرزادہ نے پیش کی۔ قرار داد میں کہا گیا ہے کہ یہ ایوان زیادتی کا شکار ہونے والے بچوں کے اہل خانہ کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتا ہے۔ قرارداد کے متن میں مطالبہ

کیا گیا ہے کہ بچوں کے ساتھ ہونے والی جنسی زیادتیوں اور ان کے تحفظ کے لیے قانون سازی کی جائے۔ قرارداد میں مزید کہا گیا ہے کہ حکومت پنجاب اس گھناﺅنے دھندے میں ملوث ملزمان کو فوری گرفتار کرکے کیفر کردار تک پہنچائے اور انہیں قانون کے مطابق سخت سے سخت سزا دیے۔ قرارداد کے بعد سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی جانب سے ایوان کا اجلاس صبح 10 بجے تک ملتوی کر دیا گیا ہے۔