اسلام ٹائمز: اتوار کے روز ہری پور میں مسلم لیگ (ن) کے امیدوار کی انتخابی مہم میں وزیراعظم کے مشیر آصف کرمانی اور وزیر اطلاعات و نشریات پرویز رشید نے سرکاری اہلکاروں کے ہمراہ جلسے میں شرکت کی، ان کی شرکت الیکشن کمیشن کے قواعد و ضوابط کی کھلی خلاف ورزی ہے، اس سلسلے میں الیکشن کمیشن کے اعلٰی افسر نے بتایا کہ انتخابی مہم میں سرکاری وسائل کے استعمال اور سرکاری عہدیداروں کی شرکت کا ریکارڈ الیکشن کمیشنر جسٹس (ر) سردار رضا خان نے طلب کر لیا ہے، جس کا جائزہ لیکر قانونی کارروائی کی جائے۔
ہری پور حلقہ این اے 19 میں ضمنی انتخابات کا انعقاد 16 اگست کو ہو رہا ہے۔ حلقہ سے جیتنے والے امیدوار عمر ایوب خان کے خلاف دھاندلی کے الزامات کے بعد سپریم کورٹ نے دوبارہ الیکشن کے احکامات جاری کئے تھے۔ اس وقت الیکشن مہم اپنے عروج پر پہنچ چکی ہے، مرکز میں برسر اقتدار پارٹی پاکستان مسلم لیگ (ن) نے گذشتہ روز الیکشن کمیشن احکامات کی دھجیاں اڑا کر رکھ دیں، الیکشن کمیشن نے حلقہ این اے 19 ہری پور میں ضمنی انتخابات میں جاری مہم کے دوران سرکاری نیوز چینل (پی ٹی وی) کی براہ راست نشریات کا نوٹس لے لیا اور حکومتی عہدیداروں، وفاقی وزراء، اور سرکاری مشینری سے وضاحت طلب کر لی، الیکشن کمیشن نے حکومتی عہدیداروں کو حکم دیا تھا کہ وہ سرکاری وسائل الیکشن مہم میں خرچ کرنے سے گریز کریں اور سرکاری عہدیدار انتخابی مہم میں حصہ نہ لیں۔
اتوار کے روز ہری پور میں مسلم لیگ (ن) کے امیدوار کی انتخابی مہم میں وزیراعظم کے مشیر آصف کرمانی اور وزیر اطلاعات و نشریات پرویز رشید نے سرکاری اہلکاروں کے ہمراہ جلسے میں شرکت کی، ان کی شرکت الیکشن کمیشن کے قواعد و ضوابط کی کھلی خلاف ورزی ہے، اس سلسلے میں الیکشن کمیشن کے اعلٰی افسر نے بتایا کہ انتخابی مہم میں سرکاری وسائل کے استعمال اور سرکاری عہدیداروں کی شرکت کا ریکارڈ الیکشن کمیشنر جسٹس (ر) سردار رضا خان نے طلب کر لیا ہے، جس کا جائزہ لیکر قانونی کارروائی کی جائے گی، سرکاری وسائل کے استعمال کے خلاف پاکستان تحریک انصاف نے بھی الیکشن کمیشن میں درخواست دائر کر دی ہے اور سرکاری وسائل کے استعمال کو روکنے کا مطالبہ کیا ہے۔
دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف بھی حلقہ این 19 کی سیٹ حاصل کرنے کے لئے سرتوڑ کوشش کر رہی ہے۔ گذشتہ دنوں پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان اور ان کی اہلیہ ریحام خان نے ہری پور ہزارہ کے مختلف علاقوں میں انتخابی جلسوں سے خطاب کیا۔ کالعدم سپاہ صحابہ کے معاویہ اعظم طارق نے احسن شاہ عرف مٹھا شاہ اور یوسف ایوب کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کی حمایت کا اعلان کیا۔ یہاں یہ امر بھی قابل ذکر ہے کہ دیوبند امیدوار عالمزیب شاہ نے الیکشن مہم میں خود کو خادم اہل بیت (ع) ظاہر کرتے ہوئے ووٹ مانگے ہیں۔ عالمزیب شاہ کے پرچم میں خدام اہل بیت لکھا گیا ہے، جس سے کئی سادہ لوح لوگ جھانسے میں پھنس چکے ہیں۔ بہرحال 16 اگست کا سورج ہی بتائے گا کہ تحریک انصاف کے امیدوار راجہ عامر زمان، نواز لیگ کے بابر نواز یا دیگر کسی امیدوار کو عوام قومی اسمبلی کی اس سیٹ کے لئے اہل قرار دیتے ہیں۔