ہندوستان کے تجارتی وفد نے ایران کے چیمبر آف کامرس میں نجی شعبے میں سرگرم عمل مختلف شخصیات سے ملاقات کی-

ہمارے نامہ نگار کی رپورٹ کے مطابق تہران کے چیمبر آف کامرس کے سیکریٹری جنرل ابراہیم بہادرانی نے منگل کے روز ہندوستان کی دس بڑی صنعتی کمپنیوں کے نمائندوں کے ساتھ ملاقات میں، ایران کے ایٹمی مذاکرات اور اس سلسلے میں سلامتی کونسل کی قرارداد کا ذکر کیا- انہوں نے کہا کہ پابندیوں کے خاتمے کے ساتھ ہی ایران کی منڈی میں شمولیت کے لئے تقاضا کرنے والوں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے اور آئندہ دنوں میں ایران کی معیشت میں تیزی سے تبدیلی آنے والی ہے- ابراہیم بہادرانی نے اسی طرح جرمنی کے اعلی تجارتی وفد کے دورہ ایران کو، ایران کی منڈی میں یورپ کے تاجروں کی آمدو رفت کے آغاز سے تعبیر کرتے ہوئے کہا کہ ایران ہندوستان کو، ایک ایسے تجارتی شریک کی حیثیت سے دیکھتا ہے، جس نے پابندیوں کے سخت دور میں بھی اپنے اقتصادی تعلقات میں کمی نہیں کی- تہران کے چیمبر آف کامرس کے

سیکریٹری جنرل ابراہیم بہادرانی نے ایران اور ہندوستان کے نجی شعبے کے اداروں کی توانائی کو بہتر قرار دیا اور کہا کہ یہ دونوں ممالک، ماضی سے زیادہ بہتر طریقے سے اپنے اقتصادی تعلقات کو فروغ دے سکتے ہیں- ہندوستانی صنعت کی فیڈریشن کے ڈپٹی چیئرمین ادھیہ گوش نے بھی، جو ہندوستان کے تجارتی وفد کی قیادت کر رہے ہیں، اس ملاقات میں ایران کے خلاف عائد پابندیاں اٹھائے جانے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان کو امید ہے کہ ایران کی معاشی ترقی کے ایک نئے دور کے آغاز سے، ایران کی معیشتی سرگرمیوں میں ہندوستان کی موجودگی نمایاں رہے گی-