اسلام ٹائمز: کوئٹہ میں ایم ڈبلیو ایم کے رکن بلوچستان اسمبلی سید محمد رضا کی رہائشگاہ پر ملاقات کے دوران کمانڈر سدرن کمانڈ کا کہنا تھا کہ شہید طالب حسین نے عید کے موقع پر بزدل دہشتگردوں کی کارروائی کو ناکام کر قیمتی انسانوں کی جانوں کو ضائع ہونے سے بچایا ہے، جسکی جتنی تعریف کی جائے کم ہے۔
اسلام ٹائمز۔ کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل ناصر خان جنجوعہ اپنے وفد کے ہمراہ عیدالفطر کے پہلے روز ایم ڈبلیو ایم کے رکن بلوچستان اسمبلی سید محمد رضا سے عید ملنے انکے رہائشگاہ پہنچے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گذشتہ شب ہزارہ ٹاؤن کے علاقے میں خودکش بمبار کی ناکام کارروائی پر جنرل ناصر خان جنجوعہ نے شہید طالب حسین کو خراج عقیدت پیش کیا۔ انکا کہنا تھا کہ شہید طالب حسین نے عید کے موقع پر بزدل دہشتگردوں کی کارروائی کو ناکام بناتے ہوئے قیمتی انسانوں کی جانوں کو ضائع ہونے سے بچایا ہے، جسکی جتنی تعریف کی جائے کم ہے۔ دہشتگردوں کو جڑ سے اُکھاڑ پھیکنے کیلئے پاک فوج کے ہمراہ پوری پاکستانی قوم شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ کوئٹہ سمیت پاکستان کو جلد دہشتگردی کی لعنت سے نجات دلائینگے۔ دریں اثناء ایم ڈبلیو ایم کے رکن بلوچستان اسمبلی سید محمد رضا نے جنرل ناصر خان جنجوعہ کا انکی رہائشگاہ آمد پر شکریہ ادا کرتے ہوئے عیدالفطر کو شُہداء کی یاد میں مناتے ہوئے انتہائی مبارکباد پیش کی۔ اس موقع پر شیعہ ہزارہ قوم کے معززین ائیر کموڈور شوکت حیدر، مظفر علی چنگیزی، صدر بلوچستان شیعہ کانفرنس سید داؤد آغا، چیئرمین نور ویلفئیر آرگنائزیشن عامر علی چنگیزی، رکن کوئٹہ یکجہتی کونسل ابراہیم ہزارہ، صدر ہزارہ جرگہ قیوم علی چنگیزی، حاجی کریم، پروفیسر تاج فیض، صدر انجمن تاجران طاہر نظری، ڈاکٹر محمد جمعہ، آغا محسن، آغائے توحیدی، علماء کرام میں آغائے علی حسنین وجدانی اور شیخ ولایت حسین جعفری بھی موجود تھے۔ آخر میں پاکستان کی سلامتی، دشمنوں کی نابودی اور شہداء کے ایصال ثواب کے لیے دعائیں بھی کی گئیں۔