اسلام ٹائمز: ارکان اسمبلی کا کہنا ہے کہ تمام مکاتب فکر کے اس اجتماع سے پوری دنیا میں یہ پیغام پہنچے گا کہ مسلمان متحد ہیں اور وہ ایک ہی رب کے حضور سربسجود ہوتے ہیں۔ مختلف مسالک سے تعلق رکھنے والے افراد جب ایک ہی صف میں کھڑے ہو کر اللہ تعالٰی کے حضور سجدہ میں گریں گے تو بقول شاعر یہ نظارہ ہو گا کہ “ایک ہی صف میں کھڑے ہوگئے محمود و ایاز۔۔۔ نہ کوئی بندہ رہا، نہ بندہ نواز۔
 
اسلام ٹائمز۔ اتحاد بین المسلمین، یگانگت و محبت کے اظہار کیلئے آج تمام مکاتب فکر کے لوگ نماز ظہر ایک ساتھ ادا کریں گے، اجتماع پنجاب یونیورسٹی نیو کیمپس کی جامع مسجد میں ہوگا۔ اتحاد بین المسلمین کے فروغ اور بھائی چارے کی فضا قائم کرنے کیلئے تمام مکاتب فکر کے افراد بدھ کے روز نماز ظہر ایک جگہ ادا کریں گے۔ لاہور کے ارکان قومی و صوبائی اسمبلی بھی ظہر کی نماز پنجاب یونیورسٹی نیو کیمپس کی جامع مسجد میں ادا کریں گے۔ ارکان اسمبلی کا کہنا ہے کہ تمام مکاتب فکر کے اس اجتماع

سے پوری دنیا میں یہ پیغام پہنچے گا کہ مسلمان متحد ہیں اور وہ ایک ہی رب کے حضور سربسجود ہوتے ہیں۔ مختلف مسالک سے تعلق رکھنے والے افراد جب ایک ہی صف میں کھڑے ہو کر اللہ تعالٰی کے حضور سجدہ میں گریں گے تو بقول شاعر یہ نظارہ ہوگا کہ “ایک ہی صف میں کھڑے ہوگئے محمود و ایاز۔۔۔ نہ کوئی بندہ رہا، نہ بندہ نواز۔ ملکی حالات اور عالمی تغیر و تبدل کے پیش نظر اتحاد امت کی اشد ضرورت ہے۔ ایسے میں پنجاب یونیورسٹی کی جامع مسجد میں تمام مکاتب فکر کے ایک ہی صف میں کھڑے ہونے سے یقیناً دنیا کو ایک مثبت اور متحد قوم کے طور پر تاثر جائے گا۔

دوسری جانب سی سی پی او لاہور کیپٹن (ر) محمد امین وینس کا کہنا ہے کہ نماز اخوت کے موقع پر شہریوں کو بھرپور سکیورٹی دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمہ کے لئے پوری قوم پرعزم ہے اور پنجاب یونیورسٹی میں پوری دنیا دیکھے گی کہ لاہور کے مسلمان کس طرح اپنے اتحاد کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہری جوق در جوق نماز اخوت میں شرکت کریں، میں خود شہریوں کی حفاظت کے لئے موجود ہوں گا۔ سی سی پی او نے کہا کہ اتحاد امت ہی دہشت گردوں کے عزائم ناکام بنانے کے لئے بہترین ہتھیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ دشمن نے اپنی سازش سے قوم کو شیعہ اور سنی میں تقسیم کرنے کی کوشش کی، لیکن آج دشمن دیکھ لے کہ اس کی سازش ناکام ہوگئی ہے اور پوری قوم متحد ہے، آج نہ کوئی شیعہ ہے نہ سنی، نہ دیوبندی نہ بریلوی، بلکہ سب کے سب مسلمان ہیں اور ایک خدا، ایک رسول اور ایک کتاب کے ماننے والے ہیں۔