پاکستان نے ایران اور گروپ پانچ جمع ایک کے درمیان مذاکرات کے نتیجہ خیز ہونے کا خیرمقدم کیا ہے-
اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق پاکستانی وزیر اعظم کے مشیر برائے خارجہ امور و قومی سلامتی سرتاج عزیز نے آسٹریا کے دارالحکومت ویانا میں ایران اور گروپ پانچ جمع ایک کے مذاکرات کے نتیجہ خیز ہونے کا خیر مقدم کرتے ہوئے،ایران پاکستان امن گیس پائپ لائن کی تکمیل کے بارے میں امید ظاہر کی ہے-
سرتاج عزیز نے کہا کہ ایران اور مغرب کے درمیان ایٹمی سمجھوتہ طے پانے کے بعد، اب امریکہ گیس پائپ لائن منصوبے کی تکمیل کی راہ میں رکاوٹ نہیں بنے گا- قابل ذکر ہے کہ ماضی میں پاکستان کی وزارت تیل کے حکام نے بھی اعلان کیا تھا کہ اسلام آباد، ایران کے ساتھ گیس پائپ لائن منصوبے کو ختم کرنا نہیں چاہتا تاہم اس منصوبے پر عملدرآمد، ایران کے خلاف مغرب کی پابندیاں ختم ہونے کے بعد شروع ہو گا-
پاکستانی حکام نے کا کہنا ہے کہ ایران نے اس گیس پائپ لائن منصوبے کی مدت میں توسیع کر دی ہے، اس بناء پر پاکستان پر کوئی جرمانہ عائد نہیں ہو گا اور ایران پاکستان گیس پائپ لائن سے متعلق مختلف مسائل پر گفتگو کا سلسلہ، ایران کے خلاف پابندیاں اٹھانے کے بعد دوبارہ شروع ہو گا-