اسلام ٹائمز: اوفا میں برکس سربراہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم پاکستان نے کہا ہے کہ پاکستان میں ترقی کا انڈیکس تیزی سے اوپر جارہا ہے، دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی جنگ پوری دنیا کے امن کیلئے ہے، اس جنگ کو ہر صورت منطقی انجام تک پہنچائیں گے۔
 
اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ خطے میں امن اور ترقی کیلئے سب کو ایک دوسرے کا ہاتھ تھامنا ہوگا۔ دنیا سے اعتماد کی بنیاد پر دوستی کا رشتہ رکھنا چاہتے ہیں۔ روس کے شہر اوفا میں برکس سربراہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ پاک چین

اقتصادی راہداری منصوبہ کامیابی سے جاری ہے۔ پاکستان میں ترقی کا انڈیکس تیزی سے اوپر جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان خطے میں ترقی اور امن چاہتا ہے۔ دہشتگردی کیخلاف پاکستان کی جنگ پوری دنیا کے امن کیلئے ہے۔ پاکستان نے دہشتگردی کیخلاف جنگ میں بھاری قیمت ادا کی۔ دہشت گردی کیخلاف جنگ کو ہر صورت منطقی انجام تک پہنچائیں گے۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ امن کو ترقی سے اور ترقی کو امن سے منسلک کرنا ہوگا۔ خطے میں ترقی کے لئے میری چار تجویز بڑی اہم ہیں۔ تجارت کے لئے سڑکوں اور موٹر ویز کا جال بچھانا ضروری ہے۔ خطے میں امن اورترقی کے لئے ایک دوسرے کا ہاتھ تھامنا ہوگا۔ دنیا سے اعتماد کی بنیاد پر دوستی کا رشتہ رکھنا چاہتے ہیں۔