اسلام ٹائمز: اسلام آباد میں طلباء کے ساتھ ایک میٹنگ میں جے ایس او راولپنڈی ڈویژن کے سیکرٹری تعلیم کا کہنا تھا کہ اگر ہم چاہتے ہیں کہ پاکستان میں امن و امان ہو اور ملک ترقی کرے تو ہمیں ہر بچے کو یکساں تعلیمی ماحول دینا ہوگا اور اس کے لئے حکومتی سطح پر جدید تقاضوں سے ہم آہنگ ایک نصاب تشکیل دیا جائے اور تمام تعلیمی اداروں پر لازم قرار دیا جائے کہ وہی نصاب اپنے اپنے اداروں میں پڑھائیں۔

اسلام ٹائمز۔ جعفریہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان راولپنڈی ڈویژن کے سیکرٹری تعلیم مبشر حسین نے کہا ہے کہ پاکستان میں تعلیمی سطح پر بھی طبقاتی نظام رائج ہے اور یہی طبقاتی نظام پاکستان کی ترقی میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔ غریب کے بچوں کے لئے مخصوص اسکول ہیں اور اسی طرح امیر کے بچوں کے لئے الگ سے اسکول ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں طلباء کے ساتھ ایک میٹنگ کے دوران کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر ہم چاہتے ہیں کہ پاکستان ترقی کرے تو ہمیں پاکستان میں یکساں تعلیمی نظام رائج کرنا ہوگا۔ تاکہ تمام بچوں کو ایک جیسا تعلیمی ماحول میسر آسکے اور یہ ہر پاکستانی بچے کا بنیادی حق بھی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جب ایک بچہ یہ دیکھتا ہے کہ امیر اور غریب میں طبقاتی نظام رائج ہے اور امیر کو دی جانے والی سہولتوں میں سے اس کو کچھ نہیں دیا جا رہا تو وہ پھر دہشت گردی کی طرف مائل ہوتا ہے اور اپنے حقوق کے حصول کے لئے غلط راستوں کا انتخاب کرتا ہے۔ اگر ہم چاہتے ہیں کہ پاکستان میں امن و امان ہو اور ملک ترقی کرے تو ہمیں ہر بچے کو یکساں تعلیمی ماحول دینا ہوگا اور اس کے لئے حکومتی سطح پر جدید تقاضوں سے ہم آہنگ ایک نصاب تشکیل دیا جائے اور تمام تعلیمی اداروں پر لازم قرار دیا جائے کہ وہی نصاب اپنے اپنے اداروں میں پڑھائیں۔