اسلام ٹائمز: وزیراعلٰی نے شدید گرمی کے باعث بڑی تعداد میں ہونے والے جانی نقصان پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے لوڈشیڈنگ میں کمی اور پانی کی فراہمی یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ ایمرجنسی نافذ کرنے کے احکامات بھی جاری کیئے ہیں۔
اسلام ٹائمز۔ شہر قائد اس وقت شدید گرمی کی لپیٹ میں ہے۔ دودن کے دوران شدید گرمی کے باعث جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 137 سے تجاوز کرگئی ہے۔ گرمی سے بیہوش اور جاں بحق ہونے والوں کا سرکاری اور نیم سرکاری ہسپتالوں میں تانتا بندھا ہوا ہے۔ وزیر اعلٰی سندھ سید قائم علی شاہ نے شدید گرمی کے
باعث بڑی تعداد میں جانی نقصان پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ایمرجنسی نافذ کرنے کا حکم جاری کیا ہے۔ گرمی کے باعث پیدا ہونے والی افسوس ناک صورتحال پر وزیر اعلی سندھ سید قائم علی شاہ نے وزیر صحت کو ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کرنے کے ساتھ ادویات کی فراہمی یقینی بنانے کے احکامات جاری کر دیئے ہیں۔ انہوں نے واٹر بورڈ انتظامیہ اور کے الیکٹرک کو شہر میں پانی کی قلت پوری کرنے کے علاوہ لوڈشیڈنگ میں کمی لانے کیلئے خاطر خواہ انتظامات کرنے کی بھی ہدایت کی۔