تکفیریوں نے اسلام اور پاکستان کے چہرہ کو بدنما کرنے کی کوشش میں کوئی دقیقہ فرو گذاشت نہیں کیا۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ فتنہ تکفیر اور شھدائے اہل سنت کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ تکفیری اسلام اور مسلمانوں کے بےرحم اور سفاک دشمن ہیں۔ تکفیریوں نے اسلام اور پاکستان کے چہرہ کو بدنما کرنے کی کوشش میں کوئی دقیقہ فرو گذاشت نہیں کیا۔ علماء کرام اور حکومت کو ملکر فتنہ تکفیر کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کیلئے اقدامات کرنے چاہیئے۔ تکفیری دہشت گردوں نے اہل سنت کی ممتاز شخصیتوں اور علمائے کرام کو شہید کیا، حتٰی کہ سرفراز ملت علامہ ڈاکٹر سرفراز نعیمی جیسے جید علماء دین کو بھی اسی تکفیری گروہ نے خودکش حملے کا نشانہ بنایا۔ اسلام آباد کے مقامی ہوٹل میں جماعت اہل حرم پاکستان کے زیرِ اہتمام، فتنہ تکفیر و شہدائے اسلام کانفرنس منعقد ہوئی، جس کی صدارت پروفیسر ڈاکٹر جمیل الرحمن چشتی نے کی، جبکہ کانفرنس کے میزبان جماعت اہل حرم پاکستان کے صدر مفتی گلزار احمد نعیمی تھے۔ مقررین کا کہنا تھا کہ پاکستان کا بچہ بچہ اپنی پاک سرزمین کیلیے کمر بستہ ہے اور پاکستان کی خود مختاری اور آزادی کے دفاع کیلئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔ عالم اسلام میں استعماری اور صیہونی طاقتوں کے ایماء پر پھیلایا گیا فتنہ تکفیر صدر اسلام میں معرض وجود میں آنے والے فتنہ خوارج کا تسلسل ہے، جس نے رسول پاک ؐ کے عزیز ترین صحابہ اور اہل بیت اطہار کی بلند مرتبہ ہستیوں کی بھی تکفیر (نعوذ باللہ) سے گریز نہیں کیا۔ کانفرنس سے مفتی ڈاکتر راغب نعمی، مفتی گلزار نعیمی سمیت دیگر اہل سنت علماء کرام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔۔