پاکستان کے شہر لاہور میں تنظیم اتحاد امت کی شیوخ الحدیث کانفرنس کا شرعی اعلامیہ جاری کر دیا گیا ہے جس کے مطابق خودکش حملہ کرنے اور کروانے والے جہنمی ہیں اور فرقہ وارانہ قتل و غارت میں ملوث عناصر فساد فی الارض کے مجرم ہیں۔ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ تحریک طالبان پاکستان، القاعدہ، داعش اور ان جیسی دوسری دہشت گرد تنظیموں کا فلسفہ جہاد گمراہ کن طرز عمل، غیر اسلامی اور جہالت پر مبنی ہے۔
اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق لاہور میں تنظیم اتحاد امت کی شیوخ الحدیث کانفرنس کا شرعی اعلامیہ جاری کر دیا گیا ہے جس کے مطابق خودکش حملہ کرنے اور کروانے والے جہنمی ہیں اور فرقہ وارانہ قتل و غارت میں ملوث عناصر فساد فی الارض کے مجرم ہیں۔ تنظیم اتحاد امت کے زیراہتمام لاہور میں ہونے والی شیوخ الحدیث کانفرنس منعقد ہوئی جس میں جامعہ نعیمیہ کے مہتمم ڈاکٹر راغب نعیمی، مفتی محمد خان قادری، جسٹس (ر) میاں نذیر اختر، صاحبزادہ رضائے مصطفیٰ، مفتی حسیب قادری اور مولانا مجاہد رسول سمیت دیگر علمائے کرام نے شرکت کی، کانفرنس کے اختتام پر تنظیم کے چیئرمین محمد ضیاء الحق نقشبندی نے اعلامیہ پڑھ کر سنایا، اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ تحریک طالبان پاکستان، القاعدہ، داعش اور ان جیسی دوسری نام نہاد جہادی تنظیموں کا فلسفہ جہاد گمراہ کن طرز عمل، غیر اسلامی اور جہالت پر مبنی ہے، خود ساختہ تاویلات کی بنیاد پر اسلامی ریاست کے خلاف مسلح بغاوت خلاف اسلام ہے، اسلامی ریاست کے باغیوں اور غداروں کو کچلنا اسلامی حکومت پر لازم ہے، غیر مسلم اقلیتوں کی عبادت گاہوں پر حملے بدترین گناہ اور مجرمانہ فعل ہے۔اعلامیہ میں آپریشن ضرب عضب کی بھرپور حمایت کا اعلان کیا گیا اور کہا گیا کہ دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خلاف جمعہ 22 مئی کو ملک گیر یوم امن و محبت منایا جائے گا۔
…….