سنی اتحاد کونسل کے زیر اہتمام بھارت کی پاکستان میں دہشتگردی کے خلاف ملک گیر ’’یوم مذمت بھارت ‘‘منایا گیا اور ملک بھر میں اہلسنّت کی چار لاکھ مساجد میں ہوینوالے جمعہ کے اجتماعات میں بھارت کی پاکستان دشمنی اور سانحہ کراچی کے خلاف مذمتی قراردادیں منظور کی گئیں اور علماء اہلسنّت نے بھارت کے پاکستان مخالف سازشوں کو موضوع خطاب بنایا اور جمعہ کے اجتماعات میں نمازیوں سے بھارت کی پاکستان میں تخریب کاریوں کے توڑ کیلئے متحد ہونے کا عہد بھی لیا گیا جبکہ نماز جمعہ کے بعد لاہور، فیصل آباد، کراچی ، گوجرانوالہ اور کوئٹہ سمیت کئی شہروں میں ’’ بھارت مردہ باد ‘‘ مظاہرے بھی کئے گئے۔ سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے جامعہ رضویہ میں جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سانحہ کراچی کا ماسٹر مائنڈ مودی ہے۔ بھارت پاکستان دشمنی میں اندھا ہو چکا ہے۔ اقتصادی راہداری منصوبہ مودی کے اعصاب پر سوار ہے۔ افغانستان میں بھارتی قونصل خانے دہشتگردوں کے ٹریننگ کیمپ بن چکے ہیں۔ حکومت پاکستان میں بھارتی مداخلت کے شواہد عالمی فورموں پر پیش کرے اور بھارت کے خلاف سفارتی محاذ گرم کیا جائے۔بھارت خطے میں جنگی جنون کو ہو ا دے رہا ہے۔

سنی اتحاد کونسل لاہور کے صدر مفتی محمد حسیب قادری نے المرکز الاسلامی شاد باغ لاہور میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’’را‘‘ کے نیٹ ورک کے خاتمے کیلئے ملک گیر آپریشن کیا جائے۔ پاکستان میں دہشت گردی کرنے والوں کو بھارت کی سرپرستی حاصل ہے۔ بھارت برصغیر کا بھیڑیا بن چکا ہے۔ اقوام متحدہ بھارت کو عالمی دہشتگرد قراردے۔ سنی اتحاد کونسل بلوچستان کے صدر مولانا وزیر القادری نے کوئٹہ میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ را کی ایجنٹی کرنے والے پاکستان کے غدار اور بھارت کے وفادار ہیں۔ بھارت نواز عناصر کی سرکوبی ناگزیر ہو چکی ہے۔ بھارت افغانستان کے راستے بلوچستان میں شرپسندوں کی مدد کر رہا ہے۔ سنی اتحاد کونسل کے مرکزی وائس چیئرمین سید جوادالحسن کاظمی نے واہ کینٹ میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے حکمران پاکستان میں بھارتی مداخلت روکنے کیلئے جرأتمندانہ کردار ادا کریں۔ بلوچستان کے علیحدگی پسندوں اور طالبان کو بھارتی سرپرستی حاصل ہے۔ بھارت پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کی سازشیں کر رہا ہے۔ سنی اتحاد کونسل پنجاب کے چیف آرگنائزر صاحبزادہ عمار سعید سلیمانی نے منڈی بہاؤالدین میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارت میں اقلیتیں ظلم و جبر کا شکار ہیں۔ مسئلہ کشمیر کے حل ہونے تک بھارت سے دوستی نا ممکن ہے۔ بھارت لاکھوں کشمیریوں کا بے رحم قاتل ہے۔

صاحبزادہ حسن رضا نے فیصل آباد میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ را نے بلوچستان اور کراچی کو ہدف بنارکھا ہے۔ را کے ایجنٹ این جی اوز کے بھیس میں کام کر رہے ہیں۔ سنی اتحاد کونسل کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات ارشد مصطفائی نے چھانگا مانگا میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی ایجنٹوں کو نشان عبرت بنایا جائے۔بھارت پاکستان میں آگ لگانے کیلئے اربوں ڈالر خر چ کر رہا ہے۔ یوم مذمت بھارت کے موقع پر گوجرانوالہ میں مولانا اکبر نقشبندی، گجرات میں صاحبزادہ مطلوب رضا، چنیوٹ میں مولانا سیف سیالوی ، سمندری میں مولانا حامد سرفراز، لاہور میں صاحبزادہ معاذ المصطفیٰ، علامہ نعیم جاوید نوری ،کراچی میں مولانا منظورعالم ،پیر محل میں مولانا محمد صدیق ، پشاور میں علامہ فضل جمیل رضوی نے جمعہ کے اجتماعات سے خطاب کیا اور بھارت مردہ باد ریلیوں کی قیادت کی۔
 
خبر کا کوڈ: 461067