اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ ایران کے بزرگ مرجع تقلید آیت اللہ نوری ہمدانی نے یمن پر سعودی عرب کے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ رپورٹ کے مطابق آیت اللہ نوری ہمدانی نے وزارت دفاع کے عہدیداروں اور اہلکاروں سے ملاقات میں کہا کہ یمن پر سعودی عرب کی لشکر کشی کا مقصد اسرائیلی حکومت اور امریکہ کی سیکورٹی کو یقینی بناناہے۔ انہوں نے کہا کہ حق و باطل کے درمیان جنگ ہمیشہ سے جاری ہےکیونکہ طاغوتی طاقتیں کبھی بھی ایمان والوں کو چین وسکون کے ساتھ نہیں رہنے دینا چاہتیں- آیت اللہ نوری ہمدانی نے کہا کہ تسلط کے نظام کے حامیوں کو خود کو بڑا سمجھنے اور توسیع پسندی کی بیماری ہے۔ انھوں نے کہا کہ حق و باطل کی جنگ ہمیشہ سے جاری ہے اور آج بھی مغرب والے نہیں چاہتے کہ اسلام کا کوئی وجود ہو، البتہ ان کا اصلی مسئلہ خالص محمدی اسلام ہے۔ آیت اللہ نوری ہمدانی نے اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ دشمنوں نے اسلام کو مٹانے کے لیے خود مسلمانوں کو استعمال کرنے کی کوشش کی ہے، کہا کہ دشمنوں نے اپنے نئے منصوبے میں سعودی عرب سے یمن پر فوجی حملہ کرایا اور اس حملے کا مقصد غاصب صیہونی حکومت کا تحفظ کرنا ہے، جیسے کہ حالیہ برسوں کے دوران انھوں نے داعش کو مسلمانوں کے مقابلے پرکھڑا کیا- آیت اللہ نوری ہمدانی نے مزید کہا کہ ہمیں دشمنوں کی سازشوں کے سامنے ہوشیار رہنا چاہیے اور آج کے دور میں مسلمانوں کے درمیان اتحاد و یکجہتی سب سے بڑی ضرورت ہے-