امریکہ کیساتھ جنگ کیلئے پوری طرح تیار ہیں، جنرل حسین سلامی
حقیقی امکان کو مدنظر رکھتے ہوئے طویل المیعاد جنگوں کی صلاحیت حاصل کر لی ہے، ان کا کہنا تھا کہ ایران امریکہ کے ساتھ جنگ سے نہیں ڈرتا ہے۔ موصولہ رپورٹ کے مطابق جنرل حسین سلامی نے بدھ کے روز ایرانی ٹی وی چینل سے گفتگو کے دوران امریکی حکام کی جانب سے حملے کی دھمکیوں پر اپنا ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ اب فوجی طاقت کے استعمال کا زمانہ گزر چکا ہے، امریکہ کو اپنی ماضی کی جنگوں میں کمزور فوجوں پر حاصل ہونے والی فتح کا موازنہ ایران اسلامی سے جنگ کے ساتھ نہیں کرنا چاہیئے اور اپنے محاسبات میں غلطی کا شکار نہیں ہونا چاہیئے۔ جنرل حسین سلامی نے کہا کہ امریکہ جس زمینی اڈے سے استفادہ کرے گا تو اسے جان لینا چاہئے کہ اس فضائی اڈے کو جلا کر راکھ کر دیا جائے گا۔ انھوں نے مزید کہا کہ اگر امریکہ کے طیارے فضا میں پرواز کریں گے تو وہ جان لیں کہ اس ساری فضا میں آگ ہی آگ نظر آئے گی۔ سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے کمانڈر نے امریکی جنگی پائلٹوں کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایران کے خلاف اپنی پہلی پرواز کو اپنی آخری پرواز سمجھیں، کیونکہ ان کے زندہ بچ کر واپس جانے کا کوئی امکان نہیں ہے۔ جنرل حسین سلامی نے کہا کہ ملت ایران ایک آزمائی ہوئی ملت ہے اور یہ ملت جنگ کا تجربہ بھی رکھتی ہے، اس لئے اس کو دوبارہ آزمانا ایک غلطی ہوگا۔