ا

یم ڈبلیو ایم کے سربراہ علامہ ناصر عباس جعفری کی انتخابی مہم کیلئے اسکردو آمد، فقید المثال استقبال
 مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ ناصر عباس جعفری انتخابی مہم پر آج اسکردو پہنچ گئے، اسکردو ائیر پورٹ پر کارکنان کی بڑی تعداد نے ان کا پرتپاک استقبال کیا، اسکردو کی فضا “راجہ ناصر قدم بڑھاو، ہم تمہارے ساتھ ہیں” کے پرتپاک نعروں سے گونجتی رہی۔ تفصیلات کے مطابق ایم ڈبلیو ایم پاکستان کے سربراہ علامہ ناصر عباس جعفری انتخابی مہم پر آج سکردو پہنچ گئے، انکی آمد کے موقع پر ہزاروں کارکنان نے انکا پرتپاک استقبال کیا اور اس موقع پر تاریخی ریلی بھی برآمد ہوئی۔ ریلی ائیر پورٹ اسکردو سے ہوتی ہوئی مجلس وحدت مسلمین کے ڈویژنل سیکرٹریٹ میں اختتام پذیر ہوئی۔ اس موقع پر کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے علامہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام کی تقدیر بدلنے کا وقت آگیا ہے، اگر جی بی کے عوام نے ہوشیاری سے کام نہیں لیا تو پھر وہی جماعتیں برسر اقتدار آئیں گی، جنہوں نے اس خطے کو 67 سالوں سے بنیادی انسانی اور آئینی حقوق سے محروم رکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب کسی کو گلگت بلتستان کے حقوق چھیننے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان محروم عوام کو انکے حقوق دے کر دم لے گی۔

علامہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ آئندہ انتخابات میں مجلس وحدت مسلمین نے جس طرح کے اہل، معیاری اور بہترین امیدوار منتخب کئے ہیں، کوئی اور جماعت نہیں کرسکی ہے، ہم نے پورے گلگت بلتستان میں اپنے بہترین امیدواروں کو میدان میں اتارا ہے اور کسی جماعت کو یہ توفیق نہیں ہوئی کہ اس طرح کے اہل اور بہترین امیدواروں کا انتخاب کرسکے۔ جس طرح مجلس وحدت مسلمین نے بہترین امیدواروں کو میدان میں اتارا، اسی طرح عوامی تعاون سے بہترین کامیابی بھی حاصل کرے گی اور گلگت بلتستان کے حقوق پر ڈاکہ ڈالنے، بدعنوانی کو فروغ دینے، اقربا پروری، ظلم و ناانصافی کو پروان چڑھانے والے حکمرانوں کا راستہ روک دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ موجود نواز لیگی رژیم میں شفاف الیکشن کا انعقاد ممکن ہی نہیں، پاکستان کے عام انتخابات میں دھاندلی کے شواہد آنے کے بعد گلگت بلتستان میں شفاف الیکشن کی امید رکھنا عبث ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام بالخصوص گلگت بلتستان کے جوانان نواز لیگ کی انتخابات میں دھاندلی روکنے کے لئے تیار رہیں اور ہر سطح پر بھرپور تیاری کریں، آنے والے پانچ سال گلگت بلتستان کے موروثی سیاست دانوں کا نہیں بلکہ غریب اور حقوق سے محروم عوام کے ہیں۔
 
خبر کا کوڈ: 458973