این اے 125میں دھاندلی ثابت ہونے کے بعد نون لیگ کو حکمرانی کا کوئی حق نہیں،علامہ راجہ ناصر عباس
الیکشن ٹربیونل لاہور کے فیصلے کو سراہتے ہوئے ایم ڈبلیو ایم کے سربراہ کا کہنا تھا کہ این اے 125 کے الیکشن ٹریبونل کے فیصلے کے بعد نون لیگ کو حکمرانی کا کوئی حق نہیں، الیکشن دھاندلی کے ثبوت سامنے آ گئے ہیں، ذمہ داروں کو کٹہرے میں لایا جائے، نون لیگ کی جانب سے گلگت بلتستان میں بھی پری پول ریگنگ جاری ہے، جب تک ملکی سیاست سے ان مافیاز کا صفایا نہیں ہو جاتا حقیقی جمہوریت کا بحال ہونا ممکن نہیں، الیکشن ٹربیونل کا یہ فیصلہ دھاندلی کے خلاف جدو جہد کرنے والی جماعتوں کی بڑی کامیابی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عام انتخابات میں منظم انداز میں دھاندلی ہوئی، ہماری آزاد عدلیہ سے مطالبہ ہے کہ عوامی حق رائے دہی پر قدغن لگانے والوں کو قرار واقعی سزا دیں، تاکہ آئندہ کسی کو یہ جرات نہ ہو کہ وہ عوامی حق رائے دہی پر قدغن لگائے۔ انہوں نے کہا کہ ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ گلگت بلتستان کے انتخابات کو افواج پاکستان کی نگرانی میں کرائے جائیں، بصورت دیگر اس خطے میں نون لیگ ایک نہ ختم ہونے والا بحران پیدا کرنے کی مکمل منصوبہ بندیوں میں مصروف ہے۔