گستاخانہ خاکوں کی اشاعت مغرب کا اسلام کیخلاف تعصب ہے، علامہ ریاض نجفی
۔ وفاق المدارس الشیعہ پاکستان کے صدر علامہ حافظ ریاض حسین نجفی نے امریکہ میں پیغمبر اسلام حضرت محمد مصطفٰی صلی اللہ علیہ وآلٰہ وسلم کے گستاخانہ خاکوں کی نمائش کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے بیمار ذہنیت اور مغرب کا اسلام کے خلاف تعصب قرار دیا ہے۔ ایک بیان میں علامہ ریاض نجفی نے کہا کہ مغرب کی طرف سے تسلسل کے ساتھ پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ وآلٰہ وسلم کی شان میں گستاخیاں ناقابل برداشت ہیں مگر افسوس کہ اس ہرزہ سرائی پر مسلم حکمرانوں نے بے غیرتی کی حد تک چپ سادھ لی ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ گستاخانہ خاکے شائع کرنے والے ممالک کا سفارتی بائیکاٹ کیا جائے، او آئی سی کو اب ہی غیرت کا مظاہرہ کر دینا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ مغربی ممالک کی طرف سے گستاخیوں کا نوٹس لیا جانا چاہیے، حکمران قوم کی ترجمانی کرتے ہوئے امریکی سفیر کو طلب کرکے احتجاج بھی کریں۔
 
خبر کا کوڈ: 458132