اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ اسلامی جمہوریہ ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر ڈاکٹر لاریجانی نے فلپائن کی پارلیمنٹ کے اسپیکر سے ملاقات میں کہا ہے کہ سعودی عرب نے بڑی طاقتوں کے اشارے پر یمن پر حملہ کیا ہے-
ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر نے کہا کہ ایک مسلمان اور غریب ملک کے خلاف سعودی عرب کی جارحیت، عالمی قوانین، عالمی معیارات اور عالمی انسانی حقوق کے برخلاف ہے اور یہ علاقے کے امن و استحکام کے لئے ایک خطرہ شمار ہوتا ہے- ارنا کی رپورٹ کے مطابق ڈاکٹر لاریجانی نے منگل کو تہران میں فلپائن کی پارلیمنٹ کے اسپیکر فلیسیانو بلمونٹہ سے ملاقات میں علاقای اور عالمی مسائل اور حالات کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے علاقہ اس وقت، دہشتگردی، انتہاپسندی، غاصبانہ قبضے اور بیرونی حملوں کا شکار ہے اور ان مسائل نے علاقای اور عالمی امن و استحکام کو خطرے میں ڈال دیا ہے- اس ملاقات میں فلپائن کی پارلیمنٹ کے اسپیکر فلیسیانو بلمونٹہ نے اپنے دورہ تہران پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اسلامی جمہوریہ، مشرق وسطی کے علاقے میں استحکام کا باعث ہے – انہوں نے کہا کہ فلپائن کے قومی مفادات کا تقاضہ، مستقبل میں ایران کے ساتھ تعلقات کو فروغ دینا ہے- فلپائن کی پارلیمنٹ کے اسپیکر نے کہا کہ ہم علاقائی اور عالمی سطح پر دہشتگردی کے خلاف بھرپور جنگ کے سلسلے میں اسلامی جمہوریہ ایران کے طرز فکر سے ہم پوری طرح اتفاق کرتے ہیں- انھوں نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ کے لئے مشرق وسطی میں امریکی پالیسیوں کا الٹا نتیجہ نکلا ہے اور ہم افغانستان و عراق میں جو دیکھ رہے ہیں وہ ہمارے اس دعوے کا ثبوت ہے- انھوں نے گروپ پانچ جمع ایک کے ساتھ ایران کے ایٹمی مذاکرات میں پیشرفت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں امید ہے کہ ایران سے تمام اقتصادی پابندیاں اٹھا لی جائیں گی اور ایران کی جانب نئے اقتصادی افق کھل جائیں گے-