پاکستان سنی تحریک کے سربراہ محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ خانہ کعبہ اور گنبد خضریٰ سے ہمارا ایمانی اور روحانی رشتہ ہے، امام کعبہ پاکستان کے دورے پر وحدت اسلام کو فروغ دینے کے مشن پر آئے ہیں، تاہم ان کی کئی روزہ سرگرمیاں ان کے دعوؤں کی نفی کرتی نظر آتی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے امام کعبہ کے پاکستان سرکاری دورے پر تبصرہ کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ امام کعبہ شاہی مسجد تو گئے لیکن دو قومی نظریئے کے بانی مفکر اسلام علامہ ڈاکٹر محمد اقبال اور اتحاد اسلامی کے عظیم نشان داتا علی ہجویری رحمتہ اللہ علیہ کے مزار اور مسجد پر جانے سے کیوں گریز کیا، جبکہ عالم اسلام کے اتحاد کے حوالے سے انہیں تمام مکاتب فکر کی مساجد و مدارس جانا چاہیئے تھا۔ ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ خانہ کعبہ، گنبد خضریٰ اور اہل بیت و ازواج مطہرات اور مقدس جگہوں کی حفاظت کے لئے کسی بھی قسم کی قربانی دینے سے گریز نہیں کریں گے۔