
۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکریٹری سیاسیات سید ناصر شیرازی انتخابی منشور کے باضابطہ اعلان کے لیے جمعہ کو گلگت بلتستان کے دورہ پر روانہ ہوں گے جہاں وہ صوبائی پولیٹیکل کونسل کے اہم اجلاس کی صدارت کریں گے۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے پلیٹ فارم سے الیکشن کے لیے امیدواروں کی نامزدگی کا مرحلہ بھی اسی دوران طے کیا جائے گا اور مطلوبہ معیار پر پورا اترنے والے امیدواروں کو تنظیم کی طرف سے ٹکٹ دیے جائیں گے۔ اپنے دورے کی تفصیلات بتاتے ہوئے سید ناصر شیرازی نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان اپنے پلیٹ فارم سے صرف انہی لوگوں کا انتخاب کرے گی جو صاف ستھری شہرت اور اعلی معاشرتی اقدار کے مالک ہوں جو عوام کی خدمت کو عبادت کا درجہ دیں اور اہل علاقہ کے لیے ان کے دروازے ہر وقت کھلے رہیں۔انہوں نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین نے گلگت بلتستان میں اعلیٰ معیاری اسپتالوں، سکولوں سمیت بیشتر پروجیکٹس پر کام کیا اور خلوص نیت سے انہیں پایہ تکمیل تک پہنچایا ہے۔ان علاقوں میں ایم ڈبلیو ایم کی سیاسی ساکھ بہت مضبوط ہے اور ہمیں یقین کامل ہے کہ ہم ان انتخابات میں بہترین نتائج لے کر سرخرو ہوں گے۔