وزیر اعظم سے ایرانی وزیر خارجہ کی ملاقات، مذاکرات کے ذریعے یمن بحران کے حل پر زورپاکستان کے دورے پر آئے ہوئے ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف نے آج وزیراعظم نواز شریف سے ملاقات کی، جس میں یمن کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ جواد ظریف سے وزیراعظم ہاؤس میں ہونے والی اس ملاقات میں وزیراعظم نواز شریف نے سفارت کاری اور مذاکرات کے ذریعے یمن میں جاری بحران کے حل کی ضرورت پر زور دیا۔ وزیراعظم نے ایرانی وزیر خارجہ کی ترکی کے رہنماؤں سے ملاقات پر بھی اطمینان کا اظہار کیا، جس کے دوران اس بحران کو مسلم ممالک کے مابین مذاکارت کے ذریعے حل کرنے کی ضرورت پر زور دیا گیا تھا۔ ایرانی وزیر خارجہ نے وزیراعظم نواز شریف کو یمن میں سیز فائرپر عملدرآمد کے حوالے سے بھی تجاویز پیش کیں۔ ملاقات میں پاک ایران سرحد سے متعلق امور کے علاوہ دونوں ممالک کے مابین باہمی تعلقات اور افغانستان کی صورتحال بھی زیر بحث آئی۔ گزشتہ روز ایرانی وزیر خارجہ جاوید ظریف نے دفتر خارجہ میں وزیراعظم کے مشیر برائے امور خارجہ و قومی سلامتی سرتاج عزیز سے ملاقات کی تھی۔