شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنماء اور چیف کوآرڈینیٹر گلگت بلتستان غلام سرور خان نے کہا ہے کہ مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان کے رہنماﺅں پر دہشت گردی کا مقدمہ تحریک انصاف کا ایم ڈبلیو ایم سے انتخابی الائنس بنانے کے اعلان کے جواب میں درج کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی رہنماﺅں پر دہشت گردی ایکٹ کے تحت مقدمات بنا کر مسلم لیگ نواز کی حکومت گلگت بلتستان میں امن و امان کی صورتحال پیدا کرنا چاہتی ہے تاکہ قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کو ملتوی کیا جا سکے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایم ڈبلیو ایم کے رہنماﺅں پر مقدمات مسلم لیگ نواز کی مرکزی حکومت کی ہدایت پر درج کئے گئے ہیں، مسلم لیگ (ن) اپنے سیاسی مخالفین کو انتقامی کارروائی کا نشانہ بنا رہی ہے۔ ایم ڈبلیو ایم کے رہنماﺅں پر مقدمات اس وقت درج کئے گئے جب 3 روز قبل گلگت بلتستان سے فرقہ واریت کے خاتمے اور قومی سیاست کیلئے ایم ڈبلیو ایم اور پی ٹی آئی نے انتخابی الائنس بنانے کا اعلان کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ نواز کو یہ بات پسند نہیں تھی۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے گورنر برجیس طاہر کے ذریعے قومی سیاست میں جو گندگی پھیلائی ہے اس گندگی کو گلگت بلتستان منتقل کرنا چاہتی ہے، گورنر برجیس طاہر اس صورتحال کے ذمہ دار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایسے کاموں کیلئے برجیس طاہر دو دن گلگت بلتستان میں بیٹھتے ہیں اور دو دن اسلام آباد میں۔ انہوں نے کہا کہ ایم ڈبلیو ایم کے رہنماﺅں پر دہشت گردی کے مقدمات کے خلاف تحریک انصاف مرکز میں جدوجہد کرے گی۔ انہوں نے خبردار کیا کہ تحریک انصاف اس معاملے پر سڑکوں پر بھی آ سکتی ہے۔