
وزیر اعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ دہشت گرد کسی بھی روپ میں ہو، وہ دہشت گرد ہوتا ہے، جبکہ سیاسی جماعت کے دفتر سے مجرم اور اسلحہ ملنا افسوسناک بات ہے۔ وزیراعظم نواز شریف سے گوجرانوالہ، سیالکوٹ، نارووال، حافظ آباد اور گجرات سے تعلق رکھنے والے مسلم لیگ (ن) کے اراکین قومی اسمبلی نے ملاقات کی، جس دوران تمام ارکان نے اپنے حلقوں میں جاری ترقیاتی منصوبوں سے متعلق وزیراعظم کو بریفنگ دی۔ اس دوران وزیراعظم پاکستان کا کہنا تھا کہ سانحہ بلدیہ ٹاﺅن کے مجرم کی گرفتاری سیاسی جماعت کے دفتر سے ہوئی ہے، جبکہ مقتول صحافی ولی خان بابر کے قاتل کی گرفتاری بھی سیاسی جماعت کے دفتر سے ہی ہوئی ہے، یہ ایک افسوسناک بات ہے۔ نواز شریف نے اس موقع پر اعلان کیا کہ کراچی میں جاری آپریشن کسی مصلحت کا شکار نہیں ہو گا، جبکہ انہوں نے مزید کہا کہ وہ کل خود کراچی جا کر آپریشن میں شریک جوانوں کو شاباش دیں گے۔ وزیراعظم نوازشریف نے کہا ہے کہ کراچی میں آپریشن کا کریڈٹ پاکستان مسلم لیگ (ن) کو جاتا ہے اور ہر گزرتے دن کے ساتھ کراچی کی صورتحال بہتر ہو رہی ہے۔ پاکستان کو ترقی کی شاہراہ پر گامزن کرنے کیلئے ہمیں ملک سے دہشت گردی کا خاتمہ کرنا ہو گا۔ نوازشریف نے کہا کہ توانائی بحران پر قابو پانے کیلئے حکومت مسلسل اقدامات کر رہی ہے۔