جڑواں شہروں میں صبح 6 بجے سے دوپہر ایک بجے تک موبائل فون سروس بھی معطل رہے گی۔ فوٹو:فائل

اسلام آباد: ملک بھر میں آج یوم پاکستان بھرپور جوش و جذبے سے منایا جائے گا جب کہ مرکزی تقریب دارالحکومت اسلام آباد میں ہوگی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق یوم پاکستان کی صبح کا آغاز دارالحکومت میں 31 اور صوبائی دارالحکومتوں میں 21، 21 توپوں کی سلامی سے ہوگا،شکرپڑیاں کے قریب گراؤنڈ میں 7 سال کے تعطل کے بعد مسلح افواج کی پریڈ ہوگی جس میں وزیراعظم ، وفاقی وزرا ، مسلح افواج کے سربراہان اور دیگر حکام شرکت کریں گے۔ سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر جڑواں شہروں میں سیکیورٹی ریڈالرٹ کردی گئی ہے جب کہ تمام داخلی و خارجی راستوں اوراہم شاہراہوں پر پولیس اوررینجرز کے دستے تعینات ہیں اور ایئرپورٹ سمیت تمام حساس تنصیبات اورعمارتوں پر پاک فوج اور رینجرز اہلکاروں کو تعینات کردیا گیا ہے۔ دوسری جانب جڑواں شہروں میں صبح 6 بجے سے دوپہر ایک بجے تک موبائل فون سروس بھی معطل رہے گی۔

سرکاری اعلامیئے کے مطابق صدر مملکت 52 پاکستانیوں کو قومی سول ایوارڈ سے بھی نوازیں گے جس کے لئے تقریب ایوان صدر میں شام کو منعقد ہوگی جب کہ سول ایوارڈ حاصل کرنے والوں میں 9 اوور سیز پاکستانی بھی شامل ہیں۔ اعلامیئے کے مطابق آرمی پبلک اسکول کے 142 شہدا کو بھی سول ایوارڈ دیئے جائیں گے۔گورنرہاؤس پنجاب میں 36، سندھ میں27، خیبرپختوخوا میں 14،  بلوچستان میں7 اور گلگت بلتستان میں 2 افراد کو سول ایوارڈ دیا جائے گا جب کہ چیرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی 25 پاکستانیوں کو سول ایوارڈ 25 مارچ کودیں گے۔