رہبر انقلاب اسلامی آیۃ اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے تیرہ سو چورانوے ہجری شمسی سال کی مناسبت سے ایک پیغام میں اس سال کو حکومت اور قوم میں ہمدلی و یکصدا ہونے کا سال قرار دیا-
رہبر انقلاب اسلامی آیۃ اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے اس پیغام کے آغاز میں اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ نئے ہجری شمسی سال کا آغاز دختر رسولۖ حضرت فاطمہ زہرا(س) کی شہادت کے ایا م میں ہوا ہے، فرمایا کہ اہلبیت اطہار(ع) اور دختر رسولۖ حضرت فاطمہ زہرا(س) سے ایرانی عوام کی عقیدت کے کچھ تقاضے ہیں جنھیں پورا کئے جانے کی ضرورت ہے- آپ نے گذشتہ ہجری شمسی سال کا اجمالی طور پر جائزہ لیتے ہوئے فرمایا کہ یہ سال، وطن عزیز کیلئے اندرونی و بیرونی نیز عالمی سطح پر اہم واقعات و تبدیلیوں کا سال رہا، جس میں کچھ مسائل بھی درپیش رہے لیکن اسی کے ساتھ ساتھ پیشرفت بھی ہوئی- رہبر انقلاب اسلامی آیۃ اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے فرمایا کہ درپیش مسائل کا سامنا کرنے کے حوالے سے ہماری قوم نے اپنے آہنی عزم کا اظہار کیا- رہبر انقلاب اسلامی نے فرمایا کہ نئے ہجری شمسی سال میں ملت ایران کیلئے ہماری کچھ آرزوئیں ہیں اور یہ تمام آرزوئیں پوری ہوسکتی ہیں اور ان آرزوؤں میں اقتصادی ترقی، علاقائی و عالمی سطح پر اس کا وقار، مستحکم پوزیشن اور تیز رفتار علمی وسائنسی ترقی شامل ہے- آپ نے اپنے پیغام میں ایمان اور روحانیت کو تمام اہداف کی بنیاد قرا دیا- آیۃ اللہ العظمی خامنہ ای نے فرمایا کہ کوئی بھی ہدف و مقصد، ہماری قوم اور اسلامی نظام حکومت کی دسترس سے باہر نہیں ہے- آپ نے، حکومت اور عوام میں اتحاد کی ضرورت پر تاکید کی اور فرمایا کہ ان دونوں کے درمیان جتنی زیادہ یکسوئی ہوگی کام اتنے ہی زیادہ آگے بڑھیں گے اور پیشرفت ہوگی- آپ نے امید ظاہر کی کہ ہماری قوم اور حکومت دونوں مل کر اس سلوگن پر حقیقی معنی میں عمل کریں گے اور اس کے اثرات اور فوائد کا مشاہدہ کریں گے-