شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ)  عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد کا کہنا ہے

کہ اسلام آباد کے چاروں دروازے دہشتگردوں کے کنٹرول میں آچکے ہیں، حکومت کہانیاں سنا رہی ہے، دہشت گرد بہت ایڈوانس ہوچکے ہیں۔ شیخ رشید نے قومی اسمبلی میں نکتہ اعتراض پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گرد مضبوط ہوچکے ہیں، اس وقت ملک میں 200 سے زائد خودکش حملہ آور موجود ہیں، پارلیمنٹ ہاؤس اور لاجز کی سیکورٹی پولیس کی بجائے رینجرز کے حوالے کی جائے، خطرناک مجرموں کی جیل بھی الگ کی جانی چاہئے۔ شیخ رشید نے دعویٰ کیا کہ شام میں اب تک پانچ سو پاکستانی لڑنے جاچکے ہیں جن میں سے  دو کی لاشیں بھی آچکی ہیں۔ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ پاکستان میں اغوا برائے تاوان سب سے منافع بخش کاروبار بن چکا ہے۔ سابق وزیراعظم اور سابق گورنر کے بیٹے بھی دہشت گردوں کی قید میں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو اس صورت حال کا نوٹس لینا ہوگا۔ دنیا میں آگ لگنے والی ہے حکومت ان معاملات سے الگ رہے اور یاد رکھے کہ پاکستانی کرائے کے لوگ نہیں۔ شیخ رشید کا یہ بھی کہنا تھا کہ عراق کے سابق صدام حسین اور لیبیا کے سابق سربراہ معمر قذافی پاکستان میں فنڈنگ کرتے رہے۔