مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا ہے کہ طالبان قاتلوں کی طرح طالبان مائنڈ سیٹ کبھی بھی پاکستان کا خیر خواہ نہیں ہو سکتا۔

انہوں نے کہا کہ وقت کا تقا ضا ہے کہ پوری قوم ملک کے لئے قربانیں دینے والی افواج پاکستان کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑ ی ہو جائے۔ پشاور میں شہداء کے والدین کا سیاست دانوں کیخلاف احتجاج کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شہداء کے والدین کا یہ احتجاج سیاسی و مذہبی جماعتوں کے لئے ایک سبق ہے، ہمیں عوامی امنگوں کی ترجمانی اور دہشت گرد قاتلوں کیخلاف ایک موقف اپنانا ہو گا۔ علامہ ناصر جعفری نے کہا کہ پاکستان کی سیاسی و مذہبی جماعتیں عوامی احساسات کی ترجمانی کریں اور دہشت گردی کے خلاف جنگ کو منطقی انجام تک پہنچا نے کیلئے متحد ہو جائیں۔ بدھ کے روز جاری اپنے بیان میں علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ ملت جعفریہ کے شہداء کے قاتلوں کو عبرت ناک سزائیں دی جاتی تو آج افواج پاکستان اور معصوم بچوں کی جان لینے کی ان دہشت گردوں کو ہمت نہ ہوتی۔ ریاستی اداروں کو چاہیئے کہ اپنی پالیسی تبدیل کریں کیونکہ طالبان قاتلوں کی طرح طالبان مائنڈ سیٹ کبھی بھی پاکستان کا خیر خواہ نہیں ہو سکتے۔ یہ مائنڈ سیٹ پوری دنیا میں دہشت گردی کا سبب بن رہا ہے پاکستان کو اسی مائنڈسیٹ نے بین القوامی سطح پر شدت پسندی کے صف میں لا کھڑا کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ طالبان اور اس کے حامیوں کو ریاست کا دشمن قرار دینا چاہیے۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں مصلحت پسندی زہر قاتل ثابت ہو گا۔ سیاست بچانے کے لئے ریاست کو داوُ پر نہ لگایا جائے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ مغرب صلیبی جنگ کی تیاریوں میں ہیں،  فرانس کے گستاخ جریدے میں پھر سے توہین آمیز مواد چھاپنے کا عمل دنیا میں انتشار کو دعوت دینے کے مترادف ہے۔ وزارت خارجہ کو اس پر کھل کر اپنا موقف دینا ہو گا۔