اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ چین نے دیگر ملکوں کے داخلی امور میں مداخلت سے متعلق امریکہ کو خبردار کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق چین کی وزارت خارجہ نے آج اعلان کیا ہے کہ امریکی حکومت کو چاہیئے انسانی حقوق کی خلاف ورزی کے بہانے دیگر ملکوں کے داخلی امور میں مداخلت کرنے کے بجائے، خود امریکہ میں انسانی حقوق کی ہونے والی خلاف ورزیوں کا جائزہ لے۔
چینی وزارت خارجہ کے بیان میں کہا گيا ہے کہ امریکی حکومت، بین الاقوامی قوانین کی کوئی پابندی نہیں کرتی اور اس نے دیگر ملکوں کی آزادی اور ان ملکوں کے قومی اقتدار اعلی کی، بارہا خلاف ورزی کی ہے۔ چین کی وزارت خارجہ کا یہ بیان، امریکی وزیرخارجہ جان کیری کے بیان پر ایک ردعمل شمار ہوتا ہے جنھوں نے کل ایک بیان میں چین سے چینی مصنف لی ژیاؤبو سمیت، ان تمام قیدیوں کو فوری طور پر رہا کئے جانے کا مطالبہ کیا ہے کہ جنھیں بیجنگ نے جیل بند کررکھا ہے۔لی ژیاباؤ کو سنہ دو ہزار آٹھ میں چین میں سیاسی نظام کی تبدیلی کا مطالبہ کرنے کی بناء پر گرفتار کرلیا گیا تھا جنھیں پھر گیارہ سال قید کی سزا سنائی گئی تھی اور جب سے ہی وہ جیل میں بند ہیں۔