اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق ہندوستان کے زير کنٹرول کشمیر میں حریت کانفرنس گیلانی گروپ کے چیئرمین سیدعلی شاہ گیلانی نے جموں و کشمیر میں سرگرم تمام اہم سیاسی جماعتوں پر مسئلہ کشمیر کے حل کے سلسلے میں عوام کو گمراہ کرنے کا الزام لگایا ہے ۔
حریت رہنما سید علی شاہ گیلانی نےکہا کہ ’’سبھی ہند نواز جماعتیں جن میں نیشنل کانفرنس، کانگریس، پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی، بھارتیہ جنتا پارٹی اور پیپلز کانفرنس شامل ہيں نہ صرف عوام کو اس دیرینہ تنازعہ کے سلسلے میں گمراہ کررہی ہیں بلکہ تاریخ سے یہ ثابت ہے کہ انہوں نے ہمیشہ اس اہم ترین معاملے میں روڑے اٹکائے ہیں اور بقول ان کے، ہندوستان کے قبضے کو دوام بخشنا ہی ان پارٹیوں کا مقصد ہے‘‘۔ کشمیر کے حیدرپورہ میں ’’یو این قراردادیں۔مسئلہ کشمیر کی بنیاد‘‘ کے زيرعنوان سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے سید علی گیلانی نے بی جے پی کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا کہ یہ ایک فرقہ پرست پارٹی ہے اور آر ایس ایس کے ایجنڈے کو سیاسی طاقت کے ذریعے سے عملی جامہ پہنانا چاہتی ہے۔’گھر واپسی‘ اور’بہو لاؤ بیٹی بچاؤ، نعروں کو اقلیتوں اور خاص کر مسلمانوں کے خلاف اعلانِ جنگ قرار دیتے ہوئے گیلانی نے کہا کہ سنگھ پریوار کے لوگ کھل کر اب اپنے نظریات کو عملی جامہ پہنانے کی بات کرتے ہیں اور ہندوستانی وزیر اعظم نریندر مودی، اس ساری صورتحال پر معنی خیز خاموشی اختیار کئے ہوئے ہيں ۔ انہوں نے کہا کہ سنگھ پریوار کے اس نعرے کو کہ’ 2021تک تمام مسلمانوں اور عیسائیوں کو ہندو بنایا جائے گا‘ ، بی جے پی کی خاموش تائید حاصل ہے۔ انہوں نے مزید کہا ’’ گجرات کے مسلمانوں کا قتلِ عام مودی کی ایک تخصیص بن گیا ہے اور اس کا صلہ انہیں ہندوستان کے وزیر اعظم کی صورت میں ملا ہے‘‘۔گیلانی کا کہنا تھا کہ یہ لوگ کشمیر میں بھی اپنے خطرناک ایجنڈے کو عملی جامہ پہنانا چاہتے ہیں اور اس سلسلے میں انہیں مقامی ہندنواز سیاستدانوں کی مکمل حمایت حاصل ہے۔انہوں نے مودی کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا کہ وہ سابق وزیراعظم اٹل بہاری واجپائی کی راہ پرچل کرمسئلہ کشمیر کوآگے بڑھانے کی باتیں کرکے کشمیری عوام کی تائید حاصل کرنا چاہتے ہیں لیکن واجپائی بھی مسئلہ کشمیر کے سلسلے میں محض ایک دھوکہ ثابت ہوئے اور عملی طور انہوں نے اس تناظرمیں کچھ بھی نہیں کیا۔