اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق پناہ گزینوں سے متعلق اقوام متحدہ کی ایجنسی (یو این ایچ سی آر) نے اپنی تازہ رپورٹ میں پاکستان کو دنیا میں مہاجرین کا سب سے بڑا میزبان قرار دیا ہے۔ بدھ کو جاری اس رپورٹ میں بتایا گیا کہ پاکستان میں افغان مہاجرین کی تعداد سولہ لاکھ ہے جبکہ اس کے بعد دوسرے ملکوں
منجملہ لبنان ، ایران ، ترکی، اردن ، ایتھوپیا، کینیا اور چاڈ کا ناموں کاذکر کیا گیا ہے کہ جہاں سب سے زیادہ پناہ گزیں بستے ہیں یہ اعداد و شمار ہر سال جون میں یو این ایچ سی آر کی سالانہ گلوبل ٹرینڈز رپورٹ میں پیش ہوتے ہیں. رپورٹ میں خبردار کیا گیا کہ 2014 کے پہلے چھ مہینوں کے دوران مشرق وسطی اور افریقہ کے وسیع و عریض علاقے میں جنگ کی وجہ سے 55 لاکھ لوگ نقل مکانی پر مجبور ہوئے، جو ایک ریکارڈ ہے۔
اس وسط مدتی رپورٹ کے مطابق ان 55 لاکھ نئے مہاجرین میں سے چودہ لاکھ لوگوں نے عالمی سرحدیں عبور کیں جبکہ باقی اپنے ملک میں ہی بے گھر ہو کر آئی ڈی پیز کہلائے۔ یو این ایچ سی آر کے سربراہ انتونیو گٹیرس نے جاری کردہ ایک بیان میں کہا ‘ 2014 میں ہم نے جتنے مہاجرین کی مدد کی اس کی ماضی میں کوئی مثال نہیں ملتی’۔انتونیو کے مطابق جب تک عالمی برادری موجودہ تنازعات کا سیاسی حل نکالنے اور نئے تنازعات کو جنم لینے سے روکنے میں ناکام ہوتی رہے گی اس وقت تک ہمیں ایسے ڈرامائی انسانی المیوں کا سامنا رہے گا۔