اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ عراق کے وزیر اعظم حیدر العبادی نے رسول اکرم صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم کی ولادت با سعادت کے ایام میں جشن میلاد النبی کے انعقاد کو دھشتگرد ٹولے داعش کا بہترین جواب قرار دیا۔
عراق کے وزیر اعظم کے دفتر سے جاری ہونے والے بیان میں آیا ہے کہ حیدر العبادی بغداد کے سنی نشین مرکزی علاقے اعظمیہ اور شیعہ نشین علاقے کاظمین میں منعقد ہونے والے عید میلاد النبی کے حوالے سے پروگراموں میں شرکت کریں گے۔
اس بیان میں مزید تاکید کی گئی ہے کہ صدر جمہوریہ عید میلاد النبی(ص) کے حوالے سے منعقد کئے جانے والے پروگراموں کو دھشتگرد ٹولے داعش کا بہترین جواب جانتے ہیں کہ جو اسلام سے کوسوں دور ہے اور اس کے اقدامات اسلام کے چہرے کو بگاڑ رہے ہیں۔ اس لیے کہ پیغمبر گرامی اسلام رحمت، عدالت اور انسانیت کے علمبردار ہیں۔
عراق کے وزیر اعظم نے پیغمبر رحمت و ہدایت کے یوم ولادت سے اتحاد اور برادری کا درس حاصل کرنے کی تاکید کرتے ہوئے تمام ملت عراق سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ آپس میں متحد ہو کر دھشتگردوں کو عراق سے نکال باہر کریں تاکہ ملک میں امن و سکون کی فضا قائم ہو اور ملک ترقی کی راہوں پر گامزن ہو سکے۔
واضح رہے کہ عراق کے ان علاقوں میں جو داعش کے زیر تسلط ہیں جن مسلمانوں نے عید میلاد النبی کی خوشی میں میٹھائی تقسیم کی داعش کے عناصر نے انہیں گرفتار کر لیا اور عید میلاد النبی پر کسی قسم کی خوشی منانے یا جشن منانے سے سختی سے منع کر دیا ہے۔