اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ موصولہ رپورٹ کے مطابق پاکستان کے صوبے سندھ کے مرکز کراچی میں پولیس نے خفیہ اطلاعات پر سہراب گوٹھ کے علاقے نعمان کالونی پر سرچ آپریش کیا اس دوران ایک گھر سے پولیس پر فائرنگ کی گئی، جس پر پولیس نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے پورے علاقے کا محاصرہ کر کے دہشتگردوں پر فائرنگ کی ہونے والی جھڑپ کے نتیجے میں دس دہشت گرد ہلاک اور ان کے قبضے سے بھاری ہتھیار اور گولہ بارود برآمد کیا گیا ہے۔

 

پولیس کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کا تعلق دہشتگرد گروہ القاعدہ اور کالعدم لشکر جھنگوی سے ہے اور ہلاک ہونے والے دہشتگرد کراچی میں ہونے والے قتل غارتگری کی متعدد وارداتوں میں ملوث تھے۔

واضح رہے کہ پاکستان کا سب سے بڑا شہر کراچی گذشتہ کئی برسوں سے بدامنی کا شکار ہے جہاں قتل، ٹارگٹ کلنگ، اغواء برائے تاوان اور بھتہ خواری کی وارداتیں روز کا معمول بن چکی ہیں، جبکہ گذشتہ ایک سال سے حکومت نے مجرموں کے خلاف آپریشن بھی شروع کررکھا ہے۔