وحدت نیوز، مجلس علماء امامیہ پاکستان کے سربراہ اور ایم ڈبلیو ایم پاکستان کے سیکرٹری امور خارجہ حجت الاسلام والمسلمین ڈاکٹر سید شفقت حسین شیرازی نے تری مینگل پارہ چنار میں اساتذہ کی مظلومانہ شہادت پر گہرے دکھ اور غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ملت مظلوم جعفریہ کے اہل علم و دانش کا یوں مظلومانہ قتل ایک سوچی سمجھی سازش کا شاخسانہ لگتا ہے۔

انہوں نے کہا ایسا معلوم ہوتا ہے ملت جعفریہ کو دشمن نے اپنا نرم ھدف بنا رکھا ہے۔ دشمن کو جب بھی اپنے مذموم مقاصد کے لیے انسانی جانوں کی ضرورت ہوتی ہے وہ ملت جعفریہ کے افراد کو ٹارگٹ کرتا ہے۔

انہوں نے کہا پارہ چنار کے خطے میں ملت مظلوم جعفریہ پر ماضی میں بھی بدترین مظالم ڈھائے گئے اور اس خطے کی اعلی تعلیم یافتہ طبقے کو نشانہ بنایا جاتا رہا ہے تاکہ یہ خطہ بھی فکری و دیگر پہلوؤں سے پسماندہ رہے اور دشمن طاقتوں کے مذموم مقاصد حاصل ہوتے رہیں۔

حجت الاسلام والمسلمین سید شفقت حسین شیرازی نے کہا کسی بھی طاقت کے مذموم مقاصد کے حصول کے لیے اس خطے کی عوام کی معصوم جانوں کی قربانیاں منظور نہیں ہیں۔ ریاست عوام کی جان اور مال کے تحفظ کو یقینی بنائے اور نہتے عوام کو کسی کے مذموم مقاصد کا ایندھن نہ بننے دے۔

مجلس علماء امامیہ پاکستان کے سربراہ نے اپنے پیغام میں مبلغین امامیہ اور آئمہ جمعہ والجماعت سے درخواست کی کہ وہ کل بروز جمعہ ملک بھر میں اس اندوہ ناک سانحہ پر اپنا بھرپور احتجاج ریکارڈ کروائیں۔