وحدت نیوز، مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری تنظیم علامہ مقصود علی ڈومکی نے دانشگاہ امام مہدی علیہ السلام شہداد پور پہنچ کر جامعہ مدارس امامیہ سندھ کے صدر علامہ سید ثمر حسین نقوی سے ملاقات کی۔ ملاقات میں سندھ کے دینی مدارس، حوزات علمیہ کے مسائل اور قومی امور پر گفتگو ہوئی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ دینی مدارس اور حوزات علمیہ نے دین اسلام، تعلیمات قرآن و عترت اور مکتب اہل بیت علیہم السلام کی تبلیغ و ترویج میں اہم ترین کردار ادا کیا ہے۔ مدارس علمیہ کی فلاح و بہبود کے لئے مومنین اور اہل خیر کو آگے آنا چاہیئے۔

انہوں نے کہا کہ جامعہ مدارس امامیہ سرزمین سندھ کے مدارس علمیہ کا نمائندہ پلیٹ فارم ہے۔ جامعہ مدارس کی خدمات مدارس علمیہ کے ارتقاء کا باعث ہیں۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے علامہ سید ثمر حسین نقوی نے کہا کہ جامعہ مدارس امامیہ نے مدارس دینیہ کی فلاح و بہبود کے لئے قابل قدر خدمات انجام دی ہیں۔ جامعہ کا ہدف مدارس علمیہ کی مشکلات حل کرنے کے ساتھ ساتھ مدارس کے طلباء کا تعلیمی ارتقاء ہے۔ اس موقع پر علامہ مقصود علی ڈومکی نے علامہ سید ثمر حسین نقوی کو کتاب سخن دل اور رہبر معظم کی تصاویر کا ہدیہ پیش کیا۔ انہوں نے دانشگاہ امام مہدی علیہ السلام کے تعمیراتی کام کا معائنہ بھی کیا۔