وحدت نیوز، چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے میڈیا سیل کو جاری اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لئے سیاسی اور معاشی استحکام بے حد ضروی ہے، ملک میں جاری سیاسی کشمکش کا فوری حل نکالا جائے کیونکہ سیاسی عدم استحکام ملکی معیشت کی تباہی کا سبب بن رہا ہے ملک میں سیاسی استحکام لانے کا واحد راستہ جلد اور شفاف الیکشن ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ملکی معیشت تباہی کے دہانے پر کھڑی ہے، ملک کا ہر طبقہ نوکری پیشہ افراد، زمیندار ، کسان ،صنعتکار ،تاجر اور دیہاڑی دار مزدور سخت پریشان ہیں۔ سکڑتے ہوئے ملکی زرمبادلہ، آئے روز گرتی ہوئی روپے کی قدر اور مہنگائی عام عوام کے لیے ناقابل برداشت ہو چکی ہے لیکن افسوس ناک امر یہ ہے کہ نچلے طبقے کی اس زبوں حالی کا نااہل حکمرانوں کو ذرا بھی فکر نہیں۔