وحدت نیوز، مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے کیلئے مولانا عباس انصاری کی خدمات ناقابل فراموش ہیں۔ جدوجہد آزادی کشمیر کی تاریخ مولانا عباس انصاری کے بغیر نامکمل ہے۔

ان خیالات کا اظہار ایم ڈبلیو ایم پاکستان کے شعبہ امور خارجہ اور مجلس علماء امامیہ پاکستان کے سربراہ حجت الاسلام والمسلمین ڈاکٹر سید شفقت حسین شیرازی نے مقبوضہ کشمیر میں حریت قائد مولانا عباس انصاری کی وفات کے موقع پر اپنے تعزیتی بیان میں کیا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ اللہ نے مرحوم مولانا عباس انصاری صاحب کو بڑی بابرکت زندگی عطا کی تھی۔ انہوں نے ساری زندگی سنی و شیعہ مسلمانوں کو غاصب اور قابض حکمرانوں کے خلاف متحد رکھا۔

اپنے بیان میں انہوں نے مزید کہا ہندوستانی حکومت کے ظلم و جبر کے باوجود مولانا عباس انصاری کشمیر میں اقوام متحدہ کی قرارداد کے مطابق استصواب رائے کے اپنے اصولی موقف سے کبھی دستبردار نہیں ہوئے۔

ح ا ڈاکٹر سید شفقت حسین شیرازی نے اس موقع پر ملت کشمیر اور مرحوم کے پسماندگان کی خدمت میں تعزیت عرض کی۔